غیر ملکی مہاجرین کی موجودگی میں مردم شماری کسی صورت قبول نہیں کرینگے ،نور اللہ بلوچ

پیر 13 فروری 2017 22:33

مستونگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2017ء) بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع مستونگ کے صدر نور اللہ بلوچ، تحصیل مستونگ کے صدر محمد یوسف لہڑی ڈپٹی سیکرٹری حسنین شاہوانی تحصیل جوائنٹ سیکرٹری رشید بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ غیر ملکی مہاجرین کی موجودگی میں مردم شماری کسی صورت قبول نہیں کرینگے انہوں نے کہا کہ لاکھوں کی تعداد میں غیر ملکی افراد شناختی کارڈز وصول کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ محکمہ شماریات نے کوئی ایسی پالیسی نہیں بنائی کہ جس کے ذریعے غیر ملکی مہاجرین کو مردم شماری سے دور رکھا جاسکے انہوں نے کہا کہ اس صورت حال میں خدشہ ہے کہ اب یہ غیر ملکی پناہ گزین مردم شماری میں بھی اپنے اندراج کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے جبکہ ایک لسانی سیاسی جماعت ان کی اندراج کی واضح طور پر حمایت کررہی ہے انہوں نے کہا کہ سراوان ہائوس میں 18فروری کو جرگے کا انعقاد خوش آئند ہے اور بلوچستان کی سرزمین پر آباد تمام مقامی قبائلی معتبرین سیاسی جماعتیں طلباء وکلاء ادبا دانشور صحافی اور دیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والوں سے امید کرتے ہیں کہ جرگے میں شرکت کرکے اس نازک مسئلے پر ایک مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :

مستونگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں