حب میں ملٹی نیشنل کمپنیوںاور محکمہ معدنیات کی جانب سے لوکل افراد کی زمنیوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا فوری نوٹس لیا جائے، یعقوب ساسولی

حالات خراب ہوئے توذمہ داری مقامی انتظامیہ اور محکمہ معدنیات پر عائد ہوگی،چیئرمین عوامی ایکشن کمیٹی کی پریس کانفرنس

ہفتہ 21 جنوری 2017 18:44

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2017ء)عوامی ایکشن کمیٹی حب کے چیئرمین محمد یعقوب ساسولی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حب میں ملٹی نیشنل کمپنیوںاور محکمہ معدنیات کی جانب سے لوکل افراد کی زمنیوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا فوری نوٹس لیا جائے ۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کو ئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حب میں حبکو پاور کمپنی (حب کول پاور کمپنی)،ڈی جی خان سیمنٹ ،اٹک فیلکن سیمنٹ کمپنی پیسے کے بل بوتے پر وہاں کے قدیم لوکل باشندوں کی زمینیں محکمہ معدنیات اور ضلعی انتظامیہ سے ملکر اپنے نام ناجائز اورغیرقانونی طریقے سے بغیر کسی اشتہار کے اپنے نام پر ہزاروں ایکڑ زمین لیز کرا رہے ہیں جومقامی لوگوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کی چراگاہوں اور کھیتی باڑی والی زمینیں بھی لیز کرکے ان پر قبضہ کیاجارہا ہے اور ان کمپنیوں نے مقامی افراد کیلئے ملازمت کے دروازے بھی بند کررکھے ہیں جو یہاں کے باشندوں کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان کمپنی نے ساڑھے تین ہزار ایکڑ موضع پیرکس تحصیل حب میں اپنے نام لیز کرائی ہے اور وہاں مٹی ،ریتی ،پتھر ،بجری جوکہ مقامی لوگوں کی ملکیت ہے اس پرقبضہ جما رکھا ہے اور مقامی لوگوں کو پولیس کے ذریعے ڈرایا دھمکایا جارہا ہے جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان ،چیف سیکرٹری ، کمانڈرسدرن کمانڈ سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی طور پرمقامی لوگوں کی اراضی کو الاٹ کرنے کا فوری نوٹس لیں بصورت دیگراگر حالات خراب ہوئے تواسکی ذمہ داری مقامی انتظامیہ اور محکمہ معدنیات پر عائد ہوگی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں