طالب علموں کو پتا ہونا چاہیے کہ کونسی حکومت ہائرایجوکیشن کے لئے مخلص ہے، گورنرپنجاب

جمعہ 26 اپریل 2024 23:08

طالب علموں کو پتا ہونا چاہیے کہ کونسی حکومت ہائرایجوکیشن کے لئے مخلص ہے، گورنرپنجاب
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2024ء) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ طالب علموں کو پتا ہونا چاہیے کہ کونسی حکومت ہائر ایجوکیشن کے لئے مخلص ہے ایک حکومت نے 120 ارب روپے کا بجٹ بڑھانے کی بجائے آدھا کردیا تھا، طالبات سچائی اور عدل کا دامن کبھی بھی ہاتھ سے جانے نہ دیں اصلی کامیابی سچائی،صبر اور برداشت سے حاصل ہوتی ہے ، تربیت اور تعلیم زندگی میں کامیابی کے لئے لازم و ملزوم ہیں۔

راست بازی، مستقل مزاجی اور اپنے اپ کو ہر چیلنج کے لیے تیار رکھنا ہی زندگی میں کامیابی کی ضمانت ہے۔باہمی تعاون بھائی چارے کا فروغ خوشگوار معاشرے کی تشکیل ممکن بنا سکتا ہے۔مشکلات سے نہ گھبرائیں ان کا مقابلہ کریں۔آن لا ئن کے مطا بق ان خیا لا ت کا اظہا ر انہوں نے گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی فیصل آباد کے چوتھے جلسہ تقسیم اسناد سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر تے ہو ئے کیا ، جلسہ تقسیم اسناد میں3468 طالبات کو ڈگری سے نوازا گیاجن میں 43 طالبات نے گولڈ،51 نے سلور اور38 طالبات نے کانسی کے تمغے حاصل کئے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب چانسلر محمد بلیغ الرحمن نے ڈگری حاصل کرنے والی طالبات کو مبارک باد دی اور عملی زندگی کے نئے دور میں خوش آمدیدکہا۔ انہوں نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سچائی اور عدل کا دامن کبھی بھی ہاتھ سے جانے نہ دیں اصلی کامیابی سچائی،صبر اور برداشت سے حاصل ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ والدین اور اساتذہ کے تہہ دل سے مشکور رہا کریں کیونکہ آپ کی زندگی کو بنانے اور اس مقام تک لانے میں ان لوگوں کا بہت بڑا کردار ہے۔

انہوں نے طالبات کے والدین کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ ہم والدین کی مسلسل خدمت اور تابعداری کرکے بھی ان کا احسان نہیں اتارسکتے۔انہوں نے عبدالستار ایدھی اور امجد ثاقب کے فلاحی اقدامات کا ذکر کیا۔انہوں نے کانووکیشن کے کامیاب انعقاد پر وائس چانسلر اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباددی۔وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی نے گورنر پنجاب چانسلر محمد بلیغ الرحمن کو یونیورسٹی ہذا کی گزشتہ اور موجودہ ترقیاتی و تعلیمی منصوبوں کی رپورٹ پیش کی،یونیورسٹی میں تشریف آوری پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ڈگری حاصل کرنے والی طالبات اور ان کے والدین کو مبارک دی۔

جلسہ تقسیم اسناد میں ارکان اسمبلی عظمی جبیں راجہ،قدسیہ ضیاء،وائس چانسلر بابا گرونانک یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل،وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر امین،سابقہ وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نورین عزیز قریشی،سابقہ رجسٹرار کشور ناہید رانا سمیت ضلع بھر سے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں