راولپنڈی‘ الخدمت فائونڈیشن آزاد جموں وکشمیر کے زیر اہتمام مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس

پیر 23 جنوری 2017 15:20

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جنوری2017ء) الخدمت فائونڈیشن آزاد جموں وکشمیر کے زیر اہتمام مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس ہوا اجلاس سے الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے صدر میاں عبدالشکور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے قیام کے ساتھ ہی جماعت اسلامی نے عوام کی خدمت کا کام شروع کر دیا تھا جو مختلف ناموں سے چلتا رہا اور اب الخدمت کے نام سے عوام کی خدمت کی جارہی ہے آزاد کشمیر میں دو لاکھ سے زائد غریب لوگ گرم بستروں سے محروم ہیں ان تک گرم بستر پہنچائیں گے ،یتیم اور بے سہارا بچوں کی تعلیم کا بندوبست آزاد کشمیر میں کررہے ہیں مزید آغوش الخدمت کے ذریعے غریب اور یتیم بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں گے الخدمت فائونڈیشن فلٹریشن پلانٹس صحت کے شعبے میں فوکس کر کے عوام کو پینے کا صاف پانی اور صحت کی سہولیات فراہم کرے گی ،انہوں نے کہا کہ زلزلہ کے موقع پر الخدمت فائونڈیشن نے آزاد کشمیر میں بھرپور خدمات سرانجام دی ہیں ،سیز فائر لائن پر الخدمت کی ایمبولینسز اور رضاکار موجود رہیں تا کہ کسی نا خوشگوار واقع کی صور ت میں فوری امداد کی جا سکے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ایک ماڈل الخدمت فائونڈیشن کا نیٹ ورک بنائیں گے آزاد کشمیر میں متحرک اور فعال رضا کاروں کی خدمات حاصل کر کے عوام کی خدمت کی جائے گی ،اہل خیر آزاد کشمیر کے اندر اور باہر موجود ہیں جو فلاحی کاموںمیں دلچسپی رکھتے ہیں اور امداد کے لیے تیار ہیں ان تک پہنچنے کی ضرورت ہے اور ان کو الخدمت فائونڈیشن کے کام کو سمجھانے کی ضرورت ہے الخدمت فائونڈیشن بالاتحصیص غریب اور بے سہارا لوگوں کی خدمت کررہی ہے اور کرتی رہے گی انہوں نے کہا کہ اسلام بھی ہمیں بے سہارا اور یتیم بچوں کی خدمت کا درس دیتا ہے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ریاض نے کہاکہ آزاد کشمیر میں الخدمت فائونڈیشن کا مضبوط نیٹ ورک قائم ہو چکا ہے مختلف اضلاع میں ہمارے منصوبے زیر کار ہیں اور آئندہ بھی اور منصوبوں کے حصول کے لیے کوششیں کریں گے اس موقع پر سیکرٹری جنرل الخدمت فائونڈیشن آزاد کشمیر عطاء الرحمان چوہان نے الخدمت فائونڈیشن کی کارکردگی اور آئندہ کے اہداف بیان کیے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں