ضلعی حکومت قصور کے زیر اہتمام آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی دوسری برسی کے موقع پر تقریب کا انعقاد

شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دینگے ‘ملک کو امن کا گہوارہ بنانے تک دہشتگردوں کیخلاف جنگ جاری رہیگی‘ ہمیں شہدا ء سانحہ پشاور کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے وطن کی حفاظت اور اسے مضبوط بنانے میں اپنا انفرادی کردار ادا کرنا چاہیے‘ڈی سی او عمارہ خان اور ڈی پی او سید علی ناصر رضوی کا تقریب سے خطاب

جمعہ 16 دسمبر 2016 16:07

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2016ء) ضلعی حکومت قصور کے زیر اہتمام آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی دوسری برسی کے موقع پر ڈسٹرکٹ پبلک سکول کے آڈیٹوریم میں گزشتہ روز ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں ڈی سی او قصور عمارہ خان ‘ ڈی پی او سید علی ناصر رضوی ‘ڈی او سی عبدالسلام عارف ‘ایڈمنسٹریٹر ڈی پی ایس محمد جہانگیر چوپڑا ، اساتذہ ، طلباء و طالبات اور شہریوں نے شرکت کی ۔

اس موقع پر طلباء و طالبات نے سانحہ پشاور کے شہدا ء خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ٹیبلو ، تقاریر اور ملی نغمات پیش کئے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی سی او عمارہ خان نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے شہدا ء نے 16دسمبر 2014ء کو بہادری کی ایک نئی تاریخ رقم کی قوم شہدا ء کی عظیم قربانیوںکو کبھی فراموش نہیں کر سکتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور کبھی نہ بھولنے والا واقعہ ہے اور ان معصوم شہداء کی یاد تا قیامت ہر پاکستانی کے دل میں رہے گی ۔

شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دینگے اورملک کو امن کا گہوارہ بنانے تک دہشتگردوں کیخلاف جنگ جاری رہے گی ۔پاک فوج ، حکومت اور پوری قوم دہشتگردوں کیخلاف پورے عزم سے صف آرا ہے اور ان پر پاکستان کی سر زمین تنگ کر دی گئی ہے اور وہ وقت دور نہیں جب ہم ان وطن دشمن عناصر کو شکست فاش دیکر پاکستان کو امن کا گہوارہ بنا دینگے۔ ڈی پی او قصور سید علی ناصر رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں شہدا ء سانحہ پشاور کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے اپنے وطن کی حفاظت اور اسے مزید مضبوط بنانے میں اپنا انفرادی کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے اور انشاء اللہ آخری دہشتگردکے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے وطن پر جان قربان کرنے والے شہدا ء کو کبھی فراموش نہیں کرتیں اور شہدا کا خون کبھی رائیگا ں نہیں جاتا ۔سانحہ پشاور جیسے واقعات پوری قوم کو یہ درس دیتے ہیں کہ وہ یکجان ہو کر وطن دشمن قوتوں کے خلاف صف آرا ہو جائیں اور اس وقت تک چین نہ بیٹھیں جب تک ہمارا دشمن نیست و نابود نہ ہو جائے ۔

انہوں نے سانحہ پشاور کے شہداء کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔بعدازاں شہدا ء کے درجات کی بلندی ، وطن عزیز کو دہشتگردی کی لعنت سے نجات ، ملک و قوم کی سلامتی و بقاء ، شہداء کے خاندانوں کیلئے صبر وجمیل ، دہشتگردی اور دیگر محاذوں پر فتح و نصرت کی دعائیں کی گئیں ۔تقریب کے اختتام پر قومی ترانہ پیش گیا گیا اور تمام حاضرین نے کھڑے ہو کر شہداء کو خراج تحسین پیش کیا ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں