ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت انسداد خسرہ مہم کے سلسلہ میں اجلاس

ہفتہ 14 جولائی 2018 23:06

خانیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2018ء) ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پرضلع خانیوال میں 12 روزہ انسداد خسرہ مہم شروع کی جائے گی تاکہ اس موذی مرض کا جڑسے خاتمہ کیا جاسکے ۔انسداد خسرہ مہم میں 6ماہ سے 7 سال تک کی عمر کے بچوں کو خسرہ سے بچائو کے حفاظتی ٹیکہ جات لگائے جائیں گے ۔ یہ بات انہوں نے انسداد خسرہ مہم کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کہی جو انکی صدارت میں ہوا ۔

جس میں اسسٹنٹ کمشنر عبدالجبار،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ارشد ملک ، نمائندہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر محمد ارشد ، ڈی ایچ او ایچ آر ایم ڈاکٹر فاروق ، پروگرام ڈائریکٹر داکٹر ابرار اقبال ، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر فضل الرحمان بلال سمیت ایم ایس ڈی ایچ کیو و ٹی ایچ کیو زودیگر سرکاری افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ ورلڈہیلتھ آرگنائزیشن اور حکومت پنجاب کے اشتراک سے ماہ اکتوبر کے تیسرے ہفتے میں شروع ہونے والی انسداد خسرہ مہم میں ضلع خانیوال کے 6ماہ سے 7 سال تک کی عمر کے 4لاکھ 51 ہزار 919 بچوں کو خسرہ کے حفاظتی ٹیکہ جات لگائے جائیں گے جس میں محکمہ صحت اورنمائندہ ڈبلیو ایچ او کی طرف سے 408 تربیت یافتہ ٹیمیں خسرہ کے حفاظتی ٹیکہ جات لگائیں گی ۔

ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے محکمہ صحت کے ا فسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ حکومت پنجاب کی طرف سے شروع کی جانیوالی انسداد خسرہ مہم کو100فیصدکامیاب بنانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں وقف کر دیں اور اس مہم کے دوران ٹیکے لگانے والی ٹیمیں بھر پور توجہ اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دیں اس سلسلہ میں کسی قسم کی غفلت اور کو تاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ نمائندہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر ارشد نے بتایا کہ انسداد خسرہ مہم کے دوران انجیکشن لگانے والی ٹیموں کی ٹریننگ کا کام مکمل کیا جاچکاہے ۔

متعلقہ عنوان :

خانیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں