چیف ایگزیکٹو لیسکو نے لائن پر کام کرنیوالے فیلڈ اسٹاف کیلئے مزید بکٹ ماونٹیڈ گاڑیا ں منگوانے کی ہدایات جاری کر دیں

لائن پر کام کرنے والے تمام فیلڈ اسٹاف کی جان کے تحفظ کو یقینی بنانا بطور چیف ایگزیکٹو لیسکو میری اولین ترجیح ہے ‘مجاہد پرویز چٹھہ

جمعرات 12 جولائی 2018 19:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2018ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا ہے کہ لائن پر کام کرنے والے تمام فیلڈ اسٹاف کی جان کے تحفظ کو یقینی بنانا بطور چیف ایگزیکٹو لیسکو میری اولین ترجیح ہے اور سیفٹی کلچر کا فروغ لیسکو کی ناگزیر ضرورت ہے جس کو اپنائے بغیر جان لیوا حادثات سے بچائو ممکن نہیں۔

ان خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے لیسکو ہیڈ کوارٹر میں سیفٹی کے حوالے سے منعقد کئے گئے اجلاس کے دوران کیا۔ اس موقع پر جنرل منیجر آپریشن چوہدری محمد انور،سی ایس ڈی مجاہد سعید رانا، چیف انجینئر چوہدری محمد امین، منیجرمٹیریل مینجمنٹ شاہد محمود، منیجر سیفٹی جہانگیر آفریدی اور تمام سرکلز کے ایس ایز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے افسران پر زور دیا کہ لیسکو میں کارکنوں کی زندگیوں کے تحفظ کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ ہمیں اپنے کارکنوں کی جان سب سے زیادہ عزیز ہے اسلئے ان کی پیشہ ورانہ صحت و سلامتی کیلئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا ۔چیف ایگزیکٹو نے اس موقع پر سیفٹی ڈائریکٹوریٹ اورشعبہ مٹیریل مینجمنٹ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کی شکایات کے بروقت ازالے اور فیلڈ اسٹاف کی سیفٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے فی الفور مزید بکٹ ماونٹیڈ کرینزمنگوائی جائیں اور تمام سب ڈویثرنز میں ان کی ہروقت موجودگی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

منیجر سیفٹی جہانگیر آفریدی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لیسکو میں گزشتہ ایک سال کے دوران اب تک مجموعی طور پر21حادثات رونما ہو چکے ہیں جسکی کی بنیادی وجہ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنا ہے۔ اس موقع پرتمام ایس ایز نے چیف ایگزیکٹولیسکو کو یقین دلایا کہ لیسکو ریجن میں سیفٹی کلچر کے فروغ کے لئے چیف ایگزیکٹو کی ہدایات کے مطابق کام ہوگا اور لائن سٹاف کو احتیاطی تدابیر اپنائے بغیر لائن پر کام کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔

دریں ازاں چیف ایگزیکٹو نے بعض مقامی اخبارات میں شائع ہونے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے کہ حبس بڑھنے سے لیسکو کی سسٹم متاثر ہوتا ہے اور ٹرانسفارمرز جلنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور اور گردونواح میں گزشتہ ہفتے ہونے والی شدید بارش اور آندھی کے باوجود لیسکو کے فیلڈ سٹاف نے انتھک محنت سے مرکزی سسٹم کو بحال کئے رکھا۔ اس کے ساتھ ساتھ جہاں بھی صارفین کی انفرادی شکایات ہوتی ہیں لیسکو کا عملہ اسکے فی الفور ازالے کے لئے کام کرتا ہے۔ اس لئے یہ تاثر دینا صریحا غلط ہے کہ کئی کئی گھنٹوں تک بجلی کی فراہمی متاثر رہتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں