جنرل مشرف اس سال کے آخر تک اسمبلیاں توڑ کر 2007کے شروع میں عام انتخابات کرائیں گے میر باز محمد کھیتران پیپلزپارٹی نے گزشتہ چار سالوں سے ڈیل نہیں کی اب کیا ڈیل کرے گی صحافیوں سے بات چیت

جمعہ 29 ستمبر 2006 18:53

کوئٹہ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین29ستمبر 2006 ) پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے مرکزی سینئر نائب صدر و سنٹرل کمیٹی کے رکن سابق وفاقی وزیر میر باز محمد کھیتران نے کہا ہے کہ جنرل پرویز مشرف اس سال کے آخر تک اسمبلیاں توڑ کر 2007کے شروع میں عام انتخابات کرائیں گے تاکہ نئی اسمبلیوں سے وہ دوبارہ صدر منتخب ہو سکیں پیپلزپارٹی نے گزشتہ چار سالوں سے ڈیل نہیں کی اب کیا ڈیل کرے گی ایسی خبریں خفیہ ایجنسیوں کے ذریعے پھیلائی جاتی ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا انہوں نے یہ بات جمعہ کے روز اسلام آباد روانگی سے قبل صحافیوں کے گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ طاقت کے ذریعے کوئی مسئلہ آج تک حل نہیں ہوا اور نہ ہی ہوگا بلوچستان میں جاری فوجی آپریشن فوری طور پر بند کیاجائے اور جو بھی مسئلے ہیں ان کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے انہوں نے کہا کہ نواب بگٹی کے قتل کے بعد بلوچستان میں خوف و ہراس کی جو فضاء قائم ہے اسے ختم کرنے کیلئے حکومت کو چاہئے کہ وہ بلوچستان کے منتخب نمائندوں سے بات چیت کریں اور اس مسئلے کو خوش اسلوبی سے حل کریں انہوں نے قلات میں ہونے والے جرگے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے جرگوں سے بلوچستان کے حساس مسئلے حل نہیں ہو سکتے بلوچستان کے بعض مسائل قبائلی اور بعض مسائل سیاسی ہیں لہذا جب تک سیاسی نمائندوں کو ان مذاکرات میں شامل نہیں کیا جائے گا اس وقت تک یہ مسئلے حل نہیں ہونگے انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جب تک صوبوں کو مکمل صوبائی خود مختاری نہیں دی جاتی اور چار محکموں کے علاوہ تمام محکمے صوبوں کو نہیں دیئے جاتے اس وقت تک ایسے مسائل سر اٹھاتے رہیں تے حکومت کو چاہئے کہ وہ سنجیدگی سے اس مسئلے کو حل کرے کیونکہ اس میں کسی کی انا کا کوئی مسئلہ نہیں بلکہ بلوچستان کی بقاء کا مسئلہ ہے میر باز کھیتران نے ایک سوال کے جواب میں مزید کہا کہ ان مسائل کو جلدی حل نہ کیا گیا تو روز بروز نفرتوں میں اضافہ ہوتا رہے گا جس سے فیڈریشن کو خطرہ لا حق ہو سکتا ہے انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ صدر جنرل پرویز مشرف کی زیر نگرانی میں اگر عام انتخابات ہوئے تو پیپلزپارٹی اس میں حصہ لینے یا نہ لینے کا فیصلہ اے آر ڈی کے ساتھ ملکر کوئی حتمی فیصلہ کرے گی اور یہ بات طے ہے کہ ہم میدان خالی نہیں چھوڑیں گے انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میرے نواب اکبر خان بگٹی سے اختلافات ضرور تھے مگر انہوں نے بلوچستان کے حقوق کیلئے اپنی جان قربان کی ہے ہمیں واقعی سوچنا چاہئے کہ ہم بلوچستان کے مسائل کس طرح حل کرسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ جب تک بلوچستان کے حقوق تسلیم نہیں کئے جائیں گے اس وقت تک کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا انہوں نے کہا کہ اس وقت مرکز اور صوبے میں نیب زدہ افراد موجود ہیں ان کے ہوتے ہوئے کوئی مسائل حل ہونے کی توقع نہیں ہے انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ نوا ب بگٹی کا قتل پاکستان کیلئے ایک بہت بڑا سانحہ ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ فیڈریشن کے مضبوط ہونے کی ہامی ہے اور کبھی بھی اس نے فیڈریشن سے باہر رہ کر کوئی بات نہیں کی بلکہ فیڈریشن کے اندر رہ کر چاروں صوبوں کے حقوق کی جنگ لڑی ہے اور آئندہ بھی لڑتی رہے گی انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے دو صوبوں میں حکومت میں رہ کر مزے کر رہی ہے اور مرکز میں اپوزیشن کا رول ادا کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ جان محمدجمالی بھی نیب زدہ ہیں اور جب ان کیخلاف نیب نے انکوائری کی تھی تو وہ ملک سے باہر چلے گئے اور بعد میں حکومت کے ساتھ ڈیل کر کے واپس آ گئے ہیں اور اس وقت وہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ ہیں انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کی اپنی کوئی خارجہ پالیسی نہیں ہماری پالیسی بھی کہیں اور سے آتی ہے پاکستان کو فوری طور پر افغانستان میں مداخلت بند کر دینی چاہئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ پاکستان کو ایسے ایف 16طیارے دے رہا ہے جس کی حدود صرف پاکستان کے اندر رہے گی وہ پاکستان سے باہر انکی حدود نہیں ہوگی کیونکہ ایف 16کے اندر امریکہ نے اس قسم کے آلات نصب کئے ہیں کہ وہ پاکستان کے باہر کار آمد نہیں ہو سکیں گے انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جب تک ایجنسیاں پاکستان کی سیاست میں مداخلت بند نہیں کریں گی اس وقت تک سیاسی نظام مضبوط نہیں ہو سکتا اس لئے خفیہ ایجنسیوں کو چاہئے کہ وہ سیاسی جماعتوں میں مداخلت بند کر دیں اور انتخابات میں جس پارٹی کو عوام ووٹ دیں اقتدار ان کے حوالے کر دیاجائے انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ صدر جنرل پرویز مشرف کا یہ کہنا کہ موجودہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی اور عام انتخابات 2007کے آخر میں ہونگے یہ حقیقت کے بر عکس ہے اور اس بات کا امکان ہے کہ صدر جنرل پرویز مشرف اس سال نومبر یا دسمبر میں موجودہ اسمبلیوں کو توڑ کر نئے عام انتخابات مارچ اپریل 2007میں کروا کر دوبارہ صدر منتخب ہونے کی کوشش کرینگے انہوں نے کہا کہ اس وقت تمام اختیارات فرد واحد کے پاس ہیں اور مرکز اور چاروں صوبوں کی اسمبلیاں ربڑ سٹیمپ ہیں اور کسی کے پاس کچھ اختیارات نہیں تمام فیصلے اوپر سے ہوتے ہیں اور ان پر عملدر آمد کیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اب تک جتنے بھی سیاسی کارکنوں کو گرفتار کیا ہوا ہے انہیں فوری طور پر بازیاب کرایاجائے کیونکہ جن کے بچے اغواء ہوئے ہیں وہ سخت پریشان ہیں انہوں نے کہا کہ ایسی کارروائیوں سے آپس میں نفرتوں میں اضافہ ہوتا ہے اور ان نفرتوں کو روکنے کیلئے ضروری ہے کہ فوری طور پر تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو بازیاب کرایاجائے ۔

متعلقہ عنوان :