امریکی سفیر کی گورنر سرحد سے ملاقات ،دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ ،شمالی وزیرستان امن معاہدے سمیت فاٹا اور صوبے کے مختلف امور پر تبادلہ خیال

جمعرات 5 اکتوبر 2006 18:18

پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین05اکتوبر2006) پاکستان میں امریکہ کے سفیر مسٹر ریان سی کروکر ، نے جمعرات کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں صوبہ سرحد کے گورنرلیفٹیننٹ جنرل(ر) علی محمدجان اورکزئی سے ملاقات کی معزز مہمان جن کے ہمراہ ،پشاور میں امریکی قونصلیٹ کی پرنسپل آفیسر مس لینی ٹریسی بھی تھیں،کچھ دیر گورنر کے ساتھ رہے اور خطے کی جغرافیائی سیاسی صورتحال سے متعلق مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا گورنر اورکزئی نے معزز مہمان کو فاٹا میں امن و امان کی صورتحال ،خاص طور پر شمالی وزیرستان کے قبائیل کے ساتھ حال ہی میں طے پانے والے امن معاہدے کے تناظر میں حالات سے آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا قد م اٹھایا گیا ہے اور علاقے میں رائج مشترکہ ذمہ داری کے قبائیلی نظام کے ذریعے دہشت گردی کے خاتمے کے مقصد کے حصول کی خاطر پالیسی کو از سرنو ترتیب دیا گیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ ماضی قریب میں قبائیلی نظام کو کام کرنے کا پورا موقع نہیں دیا گیا تھا،جس کی وجہ سے سب کیلئے مسائل پیدا ہوئے انہوں نے کہا کہ اب سمت کا ازسرنو تعین کرلیا گیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ اس سے مطلوبہ نتائج اخذ ہوں گے معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے سفیر کی جانب سے اٹھائے گئے سوال کے جواب میں گورنر نے کہا کہ پولیٹیکل انتظامیہ کے نمائندوں اور قبائیلی عمائدین پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جو اس معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنائے گی انہوں نے کہا کہ اگر کوئی خلاف ورزی ہوئی تو قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی گورنر نے فرنٹیئر کور کو مستحکم کرنے کی ضرورت سے متعلق بھی مختلف امور پر گفتگو کی جس کے پاس بدستور فرسودہ اور پرانا اسلحہ زیراستعمال ہے انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ فرنٹیئر کور جدید مواصلاتی اور اندھیرے میں دیکھنے کے آلات کی بھی اسی قدر ضرورت ہے تاکہ ان کی صلاحیت کار میں اضافہ کیا جاسکے گورنر نے فاٹا میں وسیع پیمانے پر جاری ترقیاتی پروگرام کا بھی ذکر کیا اور مزید کہا کہ ترقی کے عمل کی رفتار تیز تر کرنے کیلئے قبائیلی علاقوں میں پرامن ماحول کا برقرار رکھنا بھی بہت ضروری ہے فاٹا میں پوست کی کاشت کے حوالے سے ایک نکتے کے جواب میں گورنر نے کہا کہ حال ہی میں حکومت کے مختلف اداروں کی جانب سے کی گئی کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور اس سلسلے میں اقدامات اور تیزکئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ خیبر ایجنسی میں پوست کی کاشت کے حوالے سے بعض مسائل موجود ہیں جن پر مسلسل کوششوں کے نتیجے میں قابو پالیا جائے گا ۔