اسٹیل ملز نجکار ی میں دھاندلیوں کا الزام،پیپلز پارٹی نے وزیراعظم اور نووفاقی وزراء سمیت متعدد شخصیات کے خلاف نیب میں درخواست جمع کرا دی

جمعہ 20 اکتوبر 2006 23:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اکتوبر۔2006ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعظم شوکت عزیز، نووفاقی وزراء، وزیراعظم کے مالیاتی امور کے مشیر سلمان شاہ، ڈپٹی چیئرمین، پلاننگ کمیشن آف پاکستان اکرم شیخ اور گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان مسز شمشاد اختر کے خلاف نیب میں درخواست جمع کرا دی ہے ۔ یہ درخواست شاہ خاور ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی ہے۔

جس میں الزام عائدکیا گیا ہے کہ پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری میں بڑے پیمانے پر دھاندلیاں اور غیرقانونی طریقہ کار اختیار کیا گیا تھا جو کہ نیب آرڈیننس ۹۹ کی شق نمبر۹ کے تحت آتا ہے جس پر اسی آرڈیننس کی شق ۱۰ کے مطابق سزادی جانی چاہیے۔ اس درخواست میں وفاقی وزراء ہمایوں اختر خان، جہانگیرترین، اویس خان لغاری، غلام سرور خان، امان الله جدون، بابر خان غوری، شاہد حامد، مشتاق علی چیمہ اور لیاقت جتوئی کو نامزد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس درخواست میں تفصیل سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری میں بدعنوانی کے لئے کیا طریقے استعمال کئے گئے جس پر سپریم کورٹ نے ۲۳جون ۲۰۰۶ء کو اپنے فیصلے میں کہا کہ پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری کا تمام طریقہ کار غیرقانونی تھا۔ اگر سپریم کورٹ سٹیل ملز کی نجکاری پر فوری اقدام نہ کرتا تو پاکستانی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہو جاتا۔