کوئٹہ میں بم دھماکہ، ایک ہلاک، متعدد زخمی

ہفتہ 28 اکتوبر 2006 19:26

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اکتوبر۔2006ء) کوئٹہ میں پولیس لائن کے قریب بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں، سول ہسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق ہفتے کی شام کوئٹہ میں شاہراہ گلستان میں پولیس لائن کے قریب زوردار دھماکہ ہوا جس سے ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور قریب کھڑی گاڑیوں کو آگ لگ گئی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ ایک راکٹ کے گرنے سے ہوا جبکہ دیگرذرائع کا کہنا ہے کہ یہ بم دھماکہ ہے۔ دھماکے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ بم ڈسپوزل کا عملہ موقع پر پہنچ گیا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو کوئٹہ کے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے وقت قریبی دوکانوں او رریسٹورنٹ میں لوگ چائے پی رہے تھے۔ دھماکے کے بعد سول ہسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔