پاکستان اوربھارت کو روایتی موقف سے ہٹ کر مسئلہ کشمیر کا حل نکالنا ہوگا، مفتی سعید

منگل 7 نومبر 2006 20:07

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7نومبر۔2006ء) مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ مفتی سعید نے کہا ہے کہ پاکستان اوربھارت کو روایتی موقف سے ہٹ کر مسئلہ کشمیر کا حل نکالنا ہوگا، موجودہ حالات میں سیلف رول مسئلہ کشمیر کا بہترین حل ہے، تنازعہ کشمیر کا فوری حل نہ صرف کشمیریوں بلکہ دونوں ملکوں کے مفاد میں بھی ہے، سیلف رول بھارتی آئین سے متصادم نہیں ہے، زمینی حقائق کو تسلیم کئے بغیر مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو سکتا۔

گزشتہ روزیہاں کنٹرول لائن کے دونوں اطراف کے کشمیری دانشوروں سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی سعید نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ نصف صدی سے التواء کا شکار مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے اورمسئلہ کشمیر کا بہترین حل سیلف رول ہے۔ سیلف رول بھارتی آئین سے متصادم نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت اورپاکستان کی لیڈر شپ کو روایتی موقف سے ہٹ کر تنازعہ کشمیر کا حل نکالنا چاہیے کیونکہ اگر دونوں ملک سابقہ موقف پر ڈٹے رہے تو مسئلہ کشمیر مزید 50 سال تک حل نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ زمینی حقائق کومدنظر رکھتے ہوئے دونوں ملکوں کو آگے بڑھنا ہوگا۔ مفتی سعید نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کافوری حل نہ صرف کشمیریوں کے مفاد میں ہے بلکہ پاکستان اوربھارت کی بہتری بھی اسی میں ہے کہ اس دیرینہ تنازعہ کو حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس تنازعہ کی وجہ سے کشمیریوں نے بہت مشکلات دیکھ لی ہیں دونوں ممالک کی عوام بھی براہ راست متاثر ہو رہی ہے اس تنازعہ کا حل نکالنا ضروری ہے۔