اندرون سندھ سے کراچی آنے والی تیز رفتار کوچ جھنگ شاہی موڑ پر الٹ گئی‘2 خواتین سمیت 5افراد ہلاک ‘ 30 زخمی

جمعرات 7 دسمبر 2006 17:19

کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین07دسمبر2006 ) اندرون سندھ سے کراچی آنے والی تیز رفتار کوچ جھنگ شاہی موڑ پر الٹ گئی جس کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 5 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے‘ زخمیوں میں 8 افراد کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح اندرون سندھ اوستہ محمد سے کراچی آنے والی المنظر کوچ دادو کے قریب جھنگ شاہی موڑ پر الٹ گئی۔

بتایا گیا ہے کہ ڈرائیور کے نیند میں ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا۔ حادثہ کے دوران کوچ قلابازیاں کھاتی ہوئی کچے میں الٹ گئی۔

(جاری ہے)

جس کے نتیجے میں مسماة افروز بیگم زوجہ امیر الدین‘ شہباز زوجہ امیر بنگالی اور شاہ میر سمیت 5 افراد ہلاک اور 30 افراد جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں شدید زخمی ہوگئے لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال پہنچایا گیا۔

جہاں مزید 8 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ بعض زخمیوں کے مطابق ڈرائیور نیند میں کوچ چلا رہا تھا اور اس کی رفتار انتہائی تیز تھی۔ بتایا گیا ہے کہ اس حادثہ میں کوچ تقریباً تباہ ہوگئی۔ زخمیوں میں زاہد پٹھان‘ حیات مائی‘ ڈاکٹر راجندر‘ علی مستوقی‘ اورنگزیب‘ علی جمالی‘ شاہد اور دیگر شامل ہیں۔ حادثہ کی اطلاع پر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :