محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے اور سکیورٹی کے حوالے سے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں، مساجد،امام بارگاہوں اور دیگر مقدس مقامات پر سکیورٹی گارڈز کی تعداد بڑھائی جائے گی اور میٹل ڈی ٹیکٹر لگائے جائیں گے،وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا اتحاد بین المسلمین کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

پیر 15 جنوری 2007 18:24

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جنوری۔2007ء) وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے اور سکیورٹی کے حوالے سے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مساجد،امام بارگاہوں اور دیگر مقدس مقامات پر سکیورٹی گارڈز کی تعداد بڑھائی جائے گی اور ان مقامات کے تحفظ اور انہیں شر انگیز سرگرمیوں سے بچانے کے لئے میٹل ڈی ٹیکٹر لگائے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین کمیٹی میں شامل مکاتب فکر کے علماء نے رواداری کے فروغ اور امن و سکون کی فضاء قائم رکھنے کیلئے مثالی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء محرم الحرام کے دوران قیام امن کی کوششوں میں اپنابھر پور موثر کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز سول سیکرٹریٹ میں اتحاد بین المسلمین کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون و بلدیات محمد بشارت راجہ،صوبائی وزیر اوقاف صاحبزادہ سعید الحسن،چیف سیکرٹری پنجاب سلمان صدیق ،ہوم سیکرٹری پنجاب خسرو پرویز،سیکرٹری اوقاف رئیس عباس زیدی،آئی جی پولیس پنجاب احمد نسیم اور دیگر اعلیٰ حکام اجلاس میں موجود تھے۔وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ امن کی فضاء ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہے اس لئے امن و سکون کو فروغ دینے کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحمل،برداشت اور قیام امن کی کوششیں اسلام کی حقیقی روح کے عین مطابق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک دین کے ماننے والے ہیں جو امن و سلامتی،رواداری اور اخوت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی منافرت پھیلانے اور شر انگیز لٹریچر شائع اور تقسیم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاؤڈ سپیکر کے ناجائز استعمال کو روکا جائے گا اور اسلحہ کی نمائش پر پابندی پر کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ علماء کرام کو محرم الحرام میں امن کے قیام کے لئے زیادہ محتاط اور فعال ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبائی وزراء محرم کے دوران تمام اضلاع میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور امن و امان کے حوالے سے تمام امور کی نگرانی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی امن کمیٹیوں کو موثر بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت،ناظمین اور انتظامیہ سب مل کر امن و امان کو یقینی بنائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ امن قائم کرنے کے نام پر بلا وجہ پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بند کر کے باہمی اعتماد کوفروغ دیا گیا ہے۔چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ لاہور میں سیرت اکیڈمی اور قرآن کمپلیکس تعمیر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیرت اکیڈمی کا قیام اسوہ حسنہ،دینی تعلیم کو عام کرنے اور تحقیق کے رحجان کو فروغ دینے کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیرت اکیڈمی اور قرآن کمپلیکس کا منصوبہ اسلام کی حقیقی روح کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں قرآن کی تعلیمات عام کرنے،قرآن مجید کے نادر نسخہ جات کو جمع کرنے اور ضعیف اوراق کو محفوظ بنانے کیلئے پنجاب قرآن بورڈ تشکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کمپلیکس میں قرآن پاک کے مختلف زبانوں میں تراجم اور تفاسیر رکھی جائیں گی۔صوبائی وزیر اوقاف صاحبزادہ سعید الحسن،سیکرٹری اوقاف رئیس عباس زیدی،مولانا محمد حنیف جالندھری،مولانا محمد حسین اکبر،پیر آصف گیلانی اور علامہ زبیر احمد ظہیر نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔