کینیڈا کے صوبے انٹاریو کے وزیر اعظم اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ لاہور پہنچ گئے، پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں جو روز بروز مستحکم ہو رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی وفد کے استقبال کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو

اتوار 21 جنوری 2007 23:03

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جنوری۔2007ء) کینیڈا کے صوبے انٹاریو کے وزیر اعظم ڈالٹن میگیونٹی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ دو روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے ہیں۔ واہگہ بارڈر پہنچنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی، صوبائی کابینہ کے اراکین ، چیف سیکرٹری پنجاب سلمان صدیق اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ معزز مہمانوں کو رینجرز کے دستے نے سلامی دی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے ان کا صوبائی وزراء اور سیکرٹریز سے تعارف کروایا-واہگہ بارڈر پر انٹاریو کے وزیر اعظم اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں جو روز بروز مستحکم ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ زراعت ، جنگلات ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں کینیڈا کے صوبہ انٹاریو اورپنجاب کے درمیان تعاون کی بنیادوں کو مضبوط کرنے کیلئے عملی کوششیں کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا عالمی امن کی کوششوں میں مکمل ہم آہنگی کے ساتھ مشترکہ کاوشیں بروئے کار لا رہے ہیں - انہوں نے کہا کہ انٹاریو کینیڈا کا بڑا صوبہ ہے جہاں لاکھوں پاکستانی مختلف شعبوں میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام پرامن اور ترقی پسند ہیں اور مثبت رویوں کو پروان چڑھا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ انٹاریو اور کینیڈا کے دیگر صوبوں میں مقیم لاکھوں پاکستانی تعلیم ، صحت، تجارت اور دیگر شعبوں میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں - انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دنوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون فروغ پا رہا ہے - انہوں نے کہا کہ امن اور سماجی ترقی کے حوالے سے ٹھوس کوششیں کی جا رہی ہیں -کینیڈا کے صوبے انٹاریو کے وزیر اعظم ڈالٹن میگیونٹی نے کہا کہ یہاں ہمارا جس انداز سے استقبال کیا گیا ہے اس سے ہم بے حد متاثر ہوئے ہیں اور اس سے پتا چلتا ہے کہ یہاں کے لوگ بہت مہمان نواز اور محبت کرنے والے ہیں - انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی پر امن اور شہری ذمہ داریوں کے حوالے سے باشعور ہیں - انہو ں نے کہاکہ کینیڈا ا ور پاکستان کے مابین اقتصادی ترقی کے مختلف شعبوں میں تعاون کے مواقعوں سے مکمل فائدہ اٹھایاجائے گا - انہو ں نے لاہور کے شاندار موسم کی بھی تعریف کی -قبل ازیں واہگہ بارڈر پر معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیاگیا- اس موقع پر سکول کے بچوں نے گلدستے پیش کئے اور دونوں ممالک کے پرچم لہرائے گئے - انٹاریو کے وزیر اعظم مختلف علاقائی لباسوں میں ملبوس بچوں سے بھی ملے - کینیڈا کے وفد میں سمال انڈسٹریز کے وزیر ہر یندرتکہیربھی شامل تھے ۔