روشن خیال انتہا پسندوں کا راستہ روکنے کیلئے لوگوں کی ذہن سازی کریں، صدرمشرف،دہشت گردی اورانتہا پسندی کو کچل کر دم لیں گے، ترقیاتی عمل میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، کراچی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، حکومت اس سے پیچھے نہیں ہٹے گی، ویلی ایٹڈ ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 9 فروری 2007 22:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری۔2007ء) صدرجنرل پرویزمشرف نے کہا ہے کہ دہشت گردی اورانتہا پسندی کو کچل کر دم لیں گے، روشن خیالوں نے آگے بڑھ کر انتہا پسندوں کو نہ روکا تو ملک میں ترقی کا جاری عمل رک جائے گا اس لئے لوگوں کے ذہنوں کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، ترقیاتی عمل میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، کسی کی دھونس دھمکیوں میں نہیں آئیں گے، کراچی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے حکومت اس سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں ویلی ایٹڈ ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی، فرقہ واریت اور انتہا پسندی کے خطرات موجود ہیں اور ان سے نمٹنے کیلئے ضروری اقدامات کر رہے ہیں اور ہم ان کو کچل کر ہی دم لیں گے۔

(جاری ہے)

صدر نے کہا کہ اگر روشن خیالوں نے آگے بڑھ کرانتہاپسندوں کو نہیں روکا تو ملک میں جاری ترقیاتی عمل رک جائے گا اوراپنے لوگوں کے ذہنوں کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے اس کیلئے اگر تمام روشن خیال مل کر لوگوں کی ذہن سازی کریں تو اس سے انتہا پسندوں کا راستہ روکا اور ملک کو ترقی کے عمل کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل حکومتوں نے ترقیاتی عمل پر کوئی توجہ نہیں دی لیکن انہوں نے آنے کے بعد ہرسال تقریباً 415 بلین ڈالرز ترقیاتی عمل کیلئے رکھے ہیں۔ صدر نے کہا کہ مجھے یہ بات جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ انہوں نے 8 منٹ کے اندر شاہراہ فیصل سے سائٹ تک کا سفر طے کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ جو ٹینشن میں رہتے تھے اور ترقیاتی عمل کے حوالے سے ان کی جو شکایتیں تھیں وہ دور ہو جائیں گی۔

صدر مشرف نے کہا کہ کسی ملک کی ترقی کے عمل کو جانچنا ہے تو اس کے تین طریقے ہوتے ہیں اس ملک میں توانائی کی کمی ہو جاتی ہے، وہاں پر ٹریفک جام ہوجاتا ہے اور وہاں کنسٹرکشن کا کام بہت تیزی سے ہوتا ہے۔ پاکستان میں یہ تینوں عمل ہو رہے ہیں پورے پاکستان میں ٹریفک جام کا مسئلہ ہے جگہ جگہ تعمیراتی کام ہو رہا ہے اوربجلی کی کمی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اس بات سے نہ گھبرائیں معیشت پاکستان کے مستحکم ہاتھوں میں ہے اور پاکستان صحیح راستے پر گامزن ہوگیا ہے ہم آگے ہی جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی و سماجی سمیت تمام طبقوں کے حقوق کا خیال رکھیں گے اور کسی کی دھونس اور دھمکیوں میں نہیں آئیں گے۔ صدر نے کہا کہ کراچی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے وفاقی حکومت اس سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔

متعلقہ عنوان :