امین فہیم کا بیان باہمی احترام کیخلاف ہے ۔ لیاقت بلوچ۔پیپلز پارٹی مجلس عمل کے ساتھ چلنے سے امریکہ اور مغربی طاقتوں کی ناراضگی کا خطرہ محسوس کر رہی ہے

جمعرات 15 فروری 2007 20:27

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین 15فروری2007 ) متحدہ مجلس عمل کے رہنما لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مخدوم امین فہیم کا بیان باہمی احترام کیخلاف ہے، ایم ایم اے اور اے آر ڈی اپوزیشن کے اہم اتحادی ہیں، لگتا ہے کہ پیپلز پارٹی کے مجلس عمل کے ساتھ چلنے سے امریکہ اور مغربی طاقتیں ناراض ہو سکتی ہیں اور ان کے مفادات کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اس وقت ضرورت ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتیں متحد ہو کر آمریت کیخلاف جدوجہد کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ مخدوم امین فہیم کا بیان سمجھ سے بالاتر ہے۔ اے آر ڈی اور ایم ایم اے اپوزیشن الائنس میں اتحادی ہیں اور ایک عرصے سے ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے کوششوں میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مخدوم امین فہیم کے بیان سے لگتا ہے کہ متحدہ مجلس عمل کے ساتھ چلنے سے ان کے مفادات کو نقصان پہنچ رہا ہے اور مغربی قوتیں ان سے ناراض ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اس سے قبل حقوق نسواں بل پر صدر مشرف کی حمایت کی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ اس وقت ضرورت ہے کہ اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے پر اعتماد کریں ایک ایجنڈے پر اکٹھے ہوں اور ملک میں آمریت کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں اگر ایک دوسرے پر اس طرح سے تحفظات ظاہر کرتے رہیں گے تو ہم اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے لگتا ہے کہ پیپلز پارٹی تحریک چلانے میں سنجیدہ نہیں ہے۔