آل پارٹیز کانفرنس ‘ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان اہم مذاکرات کل ہونگے۔ مذاکرات میں اے پی سی کیلئے تاریخ کے تعین کے حوالے سے غور کیا جائے گا

اتوار 18 فروری 2007 15:20

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین 18فروری2007 ) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے زیر اہتمام لندن میں ہونے والی کل جماعتی کانفرنس کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دریان اہم مذاکرات کل19 فروری کو ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی جانب سے لندن میں بلائی جانے والی کل جماعتی کانفرنس کی حتمی تاریخ کا تعین کرنے کے لئے پی پی پی پارلیمنٹرین کے صدر مخدوم امین فہیم اور (ن) لیگ کے چیئرمین راجہ ظفر الحق کے درمیان اہم ملاقات آج ہوگی قبل ازیں مسلم لیگ(ن) نے اعلان کیا تھا کہ اے پی سی پر دونوں بڑی جماعتوں کے درمیان اختلافات ختم ہوگئے ہیں اور اسکی حتمی تاریخ کا اعلان آج 19 فروری بروز پیر کیا جائے گا آج ہونے والی ملاقات میں دونوں پارٹیوں کے رہنما تمام امور پر تفصیلی بات چیت کریں گے جس کے لئے (ن) لیگ کوشش کریگی کہ تمام اختلافات کو ختم کروا کر مارچ میں اس کانفرنس کا انعقاد یقینی بنایا جاسکے ذمہ دار ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کا یہ دعویٰ کہ دونوں جماعتوں میں اختلافات ختم ہوگئے ہیں درست نہیں ہے اور پیپلز پارٹی کا موقف ہے کہ (ن) لیگ اس کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لئے اے آر ڈی کے پلیٹ فارم سے اس کا اعلان کرے۔

(جاری ہے)

نیز دونوں پارٹیوں کے رہنماؤں میں آج ہونے والی ملاقات میں اس بات کا حتمی فیصلہ ہوجائے گاکہ پیپلز پارٹی اس میں شرکت کرے گی یا نہیں۔ واضح رہے کہ اے پی سی کا اعلان گزشتہ سال کیا گیا تھا۔