پاکستان اور بھارت دہشت گردوں کے آگے نہیں جھکیں گے ۔منموہن سنگھ۔۔ مذاکرات کا عمل جاری رہے گا ‘ سانحہ ایکسپریس میں ملوث لوگوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ بھارتی وزیراعظم کی صحافیوں سے گفتگو

بدھ 21 فروری 2007 14:49

نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21فروری2007 ) بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس دہشت گردی کی کاروائی تھی جس کا مقصد پاکستان اور بھارت کے درمیان امن عمل کو سبوتاژ کرنا تھا لیکن دونوں ملک اس طرح کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے-یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اور بھارت دہشت گردوں کے آگے نہیں جھکیں گے اور مذاکرات کا عمل جاری رہے گا اس جرم میں ملوث لوگوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا-انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے اس واقعہ کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان امن کے اس عمل کو تباہ کرنا تھا جو کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے جس کے بارے میں ہم مطمئن ہیں-بھارتی وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے عوام کی منزل ایک دوسرے کے ساتھ جڑی ہوئی ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات سے آپسی رشتے مضبوط ہوں گے-امن کے عمل کو کامیاب بنانے کیلئے ہم نے عزم کر رکھا ہے ہمارا یہ عزم کسی بھی صورت نہیں ٹوٹے گا-