جسٹس افتخار محمد چوہدری کا پروٹوکول کافی حد تک بحال کر دیا گیا،پولیس میں کمی،گھر پر پرچم اور ایک ٹیلی فون بحال، گاڑیاں بھی فراہم کر دی گئیں‘جب بھی جتنی سکیورٹی کی ضرورت ہوگی اتنی رکھی جائیگی ،محمد علی درانی

بدھ مارچ 21:51

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2007ء ) غیر فعال چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری کو چیف جسٹس کی حیثیت سے دیا جانے والا پروٹوکول کافی حد تک بحال کر دیا گیا ہے،سکیورٹی پر لگائی گئی پولیس میں کمی کر دی گئی ہے گھر پر پرچم اور ایک ٹیلی فون بحال ہوگیا ہے اور انہیں آنے جانے کے لئے گاڑیاں بھی فراہم کر دی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

سر کاری ذرائع کے مطابق جج کالونی میں واقع جسٹس افتخار محمد چوہدری کی رہائش گاہ کے ارد گرد قائم کی گئی پولیس چوکیوں پر اہلکاروں کی تعداد میں کمی کر دی گئی ہے مار گلہ روڈ اور بلوچستان ہاؤس کے باہر اور سندھ ہاؤس کے سامنے خصوصی پکٹیں قائم کی گئی تھیں ان تمام ناکوں پر پولیس اہلکاروں کی تعداد میں کمی ہوگئی ہے اس ضمن میں جب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات محمد علی درانی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہاکہ میں پہلے دن سے کہہ رہا تھا کہ ان پر کوئی سختی نہیں ہے ہم نے تمام تر اقدامات تو ان کی سکیورٹی کے لئے کئے تھے اور جب بھی جتنی سکیورٹی کی ضرورت ہوگی اتنی رکھی جائیگی ۔