امام کعبہ پنجاب ہاؤس میں امام کعبہ کی اقتدا میں سینکڑوں علماء اوردیگر شخصیات نے نماز مغرب ادا کی ،شیخ عبدالرحمن السدیس نے پاکستان میں اپنے قیام میں دو روز کی توسیع کردی

اتوار 3 جون 2007 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3جون۔2007ء) امام کعبہ شیخ عبدالرحمن السدیس نے اتوار کو پنجاب ہاؤس میں تنظیم الوفاق المدارس العربیہ کی طرف سے اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ کے موقع پر نماز مغرب کی امامت کی ۔ پانچ سو سے زائد علماء کرام اور بڑی تعداد میں دیگر شخصیات نے ان کی اقتداء میں نماز ادا کی جن میں سپریم کورٹ کے جسٹس عبدالحمید ڈوگر ، وفاقی وزیر مذہبی امور محمد اعجازالحق ، وفاقی وزیر صحت نصیر خان ، وزیر اعلی پنجاب کے صاحبزادے راسخ الہی ، تنظیم وفاق المدارس کے چیئر مین مولانا سلیم اللہ ، سیکرٹری جنرل قاری حنیف جالندھری ، مولانا فضل الرحمن کے بھائی مولانا عطاء الرحمن ، سینیٹر مولانا گل نصیب ، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئر مین ڈاکٹر خالد مسعود اور دیگر شامل تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شرکاء کی بڑی تعداد امام کعبہ سے مصافحہ کرنے کی خواہشمند تھی تاہم سیکورٹی اہلکاروں نے انہیں روک دیا جس پر امام کعبہ نے ہاتھ کے اشارے سے لوگوں کو مسکرا کر جواب دیا ۔پنجاب ہاؤس میں وزیر اعلی کی ہدایت پر خصوصی انتظامات کئے گئے تھے ۔ واضح رہے کہ وزیر اعلی پنجاب کے صاحبزادے خاص طور پر لاہور سے امام کعبہ کی اقتداء میں نماز مغرب کرنے پہنچے تھے ۔ رش کی وجہ سے قاری حنیف جالندھری شرکاء سے بار بارنظم وضبط قائم رکھنے کی اپیل کرتے رہے۔ دریں اثناء امام کعبہ نے پاکستان میں اپنے قیام میں مزید دو دن کی توسیع کر دی ہے ۔ قبل ازیں وہ اتوار کو چین روانہ ہونے والے تھے

متعلقہ عنوان :