پاکستان اور سعودی عرب اسلام کا حقیقی پیغام دنیا میں اجاگر کر نے کے لئے اہم کر دار ادا کرسکتے ہیں، امام کعبہ دہشت گردی اور خود کش حملے اسلام کے منافی ہیں اور اس طرح کی کوششوں سے اسلام کو نقصان پہنچتا ہے ،وزیر اعظم شوکت عزیز،چالیس سال تک پاکستان نہ آ کر اپنا نقصان کیا، دورہ کا اختتام خوشگوار انداز میں ہورہاہے، سفر نامہ لکھوں بہت طویل ہوگا، الشیخ عبد الرحمان السدیس ،وزیراعظم شوکت عزیز کی طرف سے دیئے گئے عشایئے سے خطاب

جمعرات 7 جون 2007 23:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7جون۔2007ء ) امام کعبہ الشیخ عبد الرحمان السدیس نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب اسلام کا حقیقی پیغام دنیا میں اجاگر کر نے کے لئے اہم کر دار ادا کرسکتے ہیں، اور ممالک کے قائدین کو باہمی تعاون جار ی رکھنا چاہیے، اسلام امن محبت اور بھائی چارے کا مذہب ہے، پاکستانی عوام کی محبت زندگی بھر نہیں بھلا سکوں گا چالیس سال تک پاکستان نہ آ کر اپنا نقصان کیا، انہوں نے یہ بات وزیر اعظم ہاؤس میں نماز مغرب کی امامت کے بعد وزیر اعظم شوکت عزیز کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

امام کعبہ نے کہاکہ پاکستان ان کے لئے اب اجنبی نہیں رہا ۔ پاکستانی عوام کی محبت اور جذبات اور اسلام سے دلی لگاؤ کو ہمیشہ یاد رکھوں گا اور سعودی فرمانروا شاہ عبد اللہ کی مہر بانی سے دورہ پاکستان ممکن ہوا اور شاہ عبد اللہ کی امت مسلمہ کے اتحاد، یکجہتی کیلئے خدمات قابل تحسین ہیں انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم شوکت عزیز کی طرف سے دو مرتبہ ملاقات پر انہیں خوشی ہوئی اور دورہ پاکستان کا خوشگوار انداز میں اختتام ہورہا ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان بے حد عزیز ملک ہے اور چالیس سال تک پاکستان نہ آ کر اپنا نقصان کیا اگر میں اس دورے کا سفر نامہ لکھنا شروع کروں تو وہ بہت طویل ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سعودی عرب اور پاکستان کے قریبی اور مثالی تعلقات ہیں اور ا ن کی بنیاد اسلام سے وابستگی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں اسلام کا صحیح پیغام اجاگر کر نے کی ضرورت ہے اسلام امن، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام کا پیغام قرآن و سنت پر مبنی ہے اور دونوں ممالک کو دنیا میں اس پیغام کو اجاگر کر نا چاہیے اور آپس میں تعاون برقرار رہنا چاہیے امام کعبہ نے اس موقع پر اسلام کی ترقی اور سربلندی، امہ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کرائی قبل ازیں امام کعبہ نے وزیر اعظم ہاؤس کے صحن میں نماز مغرب کی امامت کرائی اس موقع پر وزیر اعظم شوکت عزیز، وفاقی وزراء اعجاز الحق، خورشید قصوری، نصیر خان، سرور خان، نصیر مینگل، خورشید قصوری،مشاہد حسین اور دیگر وفاقی وزراء، ارکان پارلیمنٹ اور متحدہ مجلس عمل کے ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ سینئر سول حکام،علماء کرام اور مسلم لیگی عہدیداروں نے بھی شرکت کی نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد امام کعبہ نے فردا فردا امام کعبہ سے ہاتھ ملایا وفاقی وزراء کا ان سے تعارف کرایا گیا ۔

وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور خود کش حملے اسلام کے منافی ہیں اور اس طرح کی کوششوں سے اسلام کو نقصان پہنچتا ہے امہ مسلمہ کے مسائل کے حل کے لئے اتحاد و یکجہتی کی فضا کو فروغ دینا ضروری ہے امام کعبہ الشیخ عبد الرحمان السدیس کے دورہ پاکستان سے سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات مستحکم ہونگے اور ان کے خیالات تمام مسلمانوں اور پاکستانیوں کے لئے مفید ثابت ہونگے انہوں نے یہ بات اپنی طرف سے وزیر اعظم ہاؤس میں امام کعبہ کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

وزیر اعظم نے کہاکہ اما م کعبہ رات کو چین کے دورے پر جارہے ہیں وہ کل بیجنگ میں نماز جمعہ پڑھائیں گے ان کا دورہ پاکستان تاریخی ثابت ہوا ہے اور لاکھوں لوگوں نے ان کی امامت میں نماز پڑھی ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا اور اسلام کا قلعہ ہے امام کعبہ کے دورہ میں پاکستانی عوام نے جس جذبہ کا اظہارکیا وہ مثالی ہے انہوں نے کہاکہ اس وقت امہ مسلمہ کے اتحادو یکجہتی کی ضرورت ہے اور اسی طرح سے مسلمانوں کے مسائل حل ہونگے انہوں نے کہاکہ اسلام کے بارے میں مغرب میں غلط تاثر پھیلایا جارہاہے جسے دور کر نے کی ضرورت ہے ۔

اسلام امن و بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور اسلام کے بارے میں صحیح حقائق پیش کر نے چاہیں انہوں نے کہاکہ دہشت گردی،خود کش حملے اسلام کے منافی ہیں وزیر اعظم نے کہاکہ سعودی عرب کے شاہ عبد اللہ کا امت مسلمہ کے اتحاد میں اہم کر دار ادا ہے اوروہ پاکستان کے سچے دوست ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ امام کعبہ کے دورے میں ان کے خیالات سب کے لئے مفید ثابت ہونگے اور عوام ان کے دورے کو ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔