Live Updates

لندن اے پی سی ، قاضی حسین احمد، امین فہیم، عمران خان اور اسفند یار ولی لندن پہنچ گئے ۔دوروزہ کانفرنس کے پہلے روز دو سیشن ہوں گے، کانفرنس کا آغاز نواز شریف کے خطاب سے ہو گا

جمعہ 6 جولائی 2007 19:31

لندن (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار06 جولائی 2007) مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام لندن آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کیلئے قاضی حسین احمد، عمران خان، اسفند یار ولی، امین فہیم سمیت اپوزیشن رہنما لندن روانہ ہو گئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے ترجمان پرویز رشید نے اے پی سی کے حوالے سے بتایا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام دو روزہ آل پارٹیز کانفرنس ہفتے کے روز لندن میں شروع ہو گی۔

اے پی سی میں تمام اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں سمیت وکلاء، سول سوسائٹی کے نمائندے اور دانشور شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے کے سربراہ قاضی حسین احمد، پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمنٹیرینز کے صدر مخدوم امین فہیم، پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفند یار ولی سمیت اپوزیشن جماعتوں کے زیادہ تر رہنماء لندن پہنچ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

پرویز رشید کے مطابق قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے قائد مولانا فضل الرحمن کی آمد جمعہ کی شام کو متوقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس کا افتتاح سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی تقریرسے ہو گا۔ نواز شریف کے خطاب کے بعد مقررین کو قومی اسمبلی میں ان کی جماعتوں کی عددی طاقت کی بنیاد پر خطاب کی دعوت دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس کے پہلے روز دو سیشن ہوں گے پہلے سیشن میں میڈیا کو کوریج کی اجازت ہو گی جبکہ بعد دوپہر ہونے والا اجلاس بند کمرے میں ہو گا۔ اتوار کے روز پہلا اجلاس بند کمرے میں ہو گا جبکہ بعد دوپہر ہونے والے اختتامی اجلاس میں میڈیا کو کوریج کیلئے دعوت دی گئی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات