سوات میں مقامی طالبان نے تیلگرام پولیس چوکی کو دھماکے سے اڑا دیا ۔۔سیکورٹی فورسز نے مینگورہ کالام روڈ ٹریفک کے لئے بند کرکے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا

اتوار 28 اکتوبر 2007 12:19

سوات(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اکتوبر۔2007) مقامی طالبان نے تیلگرام پولیس چوکی کو دھماکے سے اڑا دیا ہے جبکہ سیکورٹی فورسز نے مینگورہ کالام روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کرکے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق سیکورٹی فورسز کے دستے چار باغ اور خواذہ خیلہ کی جانب پیش قدمی کرررہے ہیں جبکہ چار باغ سے دو دھماکوں کی آوازیں سنائی دی ہیں ۔

چار باغ میں گزشتہ رات مقامی طالبان نے ایک چیک پوسٹ پر قبضہ کرلیا تھا ۔ ادھر منگلور میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے شدید گولہ باری بھی کی گئی ہے ۔۔اس دوران قریبی پہاڑوں کو نشانہ بنایاگیا۔۔دوسری جانب اغوا کئے گئے مزید چھ سیکورٹی اہلکاروں کی لاشیں مل گئی ہیں۔ جس کے بعدجاں بحق ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کی تعداددس اورمجموعی طور پر ہلاک ہونے والوں کی تعدادپندرہ ہوگئی ہے ۔

(جاری ہے)

ادھر مٹہ اور کبل میں مقامی طالبان کی سرگرمیوں میں تیزی آگئی ہے جبکہ کبل بازار میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں شدید جانی نقصان کے بعد مقامی طالبان پسپا ہوکر قریبی پہاڑوں پر مورچہ زن ہوگئے ہیں ۔اطلاعات کے مطابق خوازہ خیلہ میں حالات کشیدہ ہوگئے ہیں۔۔اور گیمن پل پر مقامی طالبان اور سیکیورٹی فورسز نے پوزیشنیں سنبھال لی ہیں۔ امام ڈھیری مرکز کے سامنے پولیس ریسٹ ہاؤس اور پہاڑوں پربھی فورسز نے پوزیشنیں سنبھال لی ہیں ۔

جبکہ مینگورہ شہر میں حکومتی رٹ کافی حد تک بحال ہوگئی ہے تاہم بازار اور کاروباری ادارے تاحال بند ہیں ۔ دوسری جانب مقامی طالبان نے کہا ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کے لئے تیار ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مالاکنڈ ڈویڑن میں شریعت نافذ کرکے مولانا صوفی محمد کو رہا کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :