افغانستان ، خود کش بم دھماکوں اورطالبان کے حملے میں 6 افغان پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد ہلاک،22 زخمی ۔جنوبی افغانستان کے 59 اضلاع میں سے صرف پانچ پر طالبان کا کنٹرول ہے۔ نیٹو

منگل 4 دسمبر 2007 17:43

کابل(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 04 دسمبر2007 ) افغانستان میں خود کش بم دھماکوں اورطالبان کے حملے میں چھ افغان پولیس اہلکاروں سمیت آٹھ افراد ہلاک اور22سے زائد زخمی ہوگئے ادھر نیٹو فورسز کا کہنا ہے کہ جنوبی افغانستان کے 59 اضلاع میں سے صرف پانچ پر طالبان کا کنٹرول ہے ۔افغان وزارت داخلہ اور دارلحکومت کابل کے پولیس سربراہ علی شاہ پکتیوال نے بتایا کہ ایک خود کش حملہ آور نے کابل ائیر پورٹ کے پاس نیٹو کے فوجی قافلے کے قریب خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا ۔

پولیس کے مطابق حملے میں قریب سے گزرنے والے 22 عام شہری زخمی ہوگئے ۔ تاہم نیٹو اہلکار اس حملے میں محفوظ رہے ۔اس سے قبل گزشتہ رات امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس افغانستان کے غیر اعلانیہ دورے پر کابل پہنچے تھے ۔

(جاری ہے)

صوبہ نمروز میں ایک بھارتی تعمیراتی کمپنی کے کمپاوٴنڈ کے قریب خود کش حملے میں دو افغان پولیس اہلکاروں سمیت چارافراد ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے ۔

تاہم بھارتی کمپنی کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ ادھرصوبہ غزنی میں طالبان نے افغان پولیس کی گشتی پارٹی پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں چارپولیس اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔دوسری جانب کابل میں نیٹو ترجمان بریگیڈئرجنرل برینکو کارلوس نے امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس کے ساتھ سفر کے دوران صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کا جنوبی علاقے کے پانچ اضلاع سے زیادہ حصے پر قبضہ نہیں ہے جبکہ جنوب میں انسٹھ اضلاع ہیں اور اس علاقے میں طالبان تنہا ہو گئے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ طالبان تحریک ناکام ہو چکی ہے چھ سال بعد بھی وہ صرف چند چھوٹے علاقوں پر قبضہ کر سکے ہیں ، وہ نیٹو فورسز سے نہیں لڑ سکتے ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں غیر ملکی مزاحمت کاروں کی موجودگی سے متعلق رپورٹس میں اضافہ ہوا ہے ۔گذشتہ ماہ یورپی تھنک ٹینک نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ افغانستان کے آدھے سے زیادہ علاقے پر طالبان کا اثر و رسوخ ہے۔