سوات کے علاقے منگولے میں خودکش حملہ،2پولیس اہلکاروں سمیت12 افراد ہلاک،مولانا فضل اللہ کے قریبی ساتھی سمیت درجنوں افراد گرفتار۔اپ ڈیٹ

اتوار 9 دسمبر 2007 20:01

منگولی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9دسمبر۔2007ء) سوات میں خودکش حملے میں دوپولیس اہلکاروں سمیت بارہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔جن میں خودکش حملہ آور بھی شامل ہے ۔یہ واقعہ منگولے میں پیش آیا۔ سیکورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کے رہنما مولانا فضل اللہ کے قریبی ساتھی مولانا عبدالرشید سمیت درجنوں افراد کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔نمائندہ کے مطابق منگولے میں خودکش حملہ آور نے سیکورٹی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا،جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار اور نو دیگر افراد جاں بحق ہوگئے ۔

واقعے کے بعد حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سیکورٹی سخت کردی ہے ۔دوسری جانب سوات میڈیا سیل کے انچارج میجر امجد اقبال نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پیو چار میں سیکورٹی فورسز نے شرپسندوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی ہے ۔

(جاری ہے)

شانگوائٹی سے تین عسکریت پسندوں کی لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں،جبکہ ولیج ڈیفنس کمیٹیاں بھی قائم کی جارہی ہیں۔سوات کے علاقے مینگورہ کے علاوہ ضلع بھر میں غیر معینہ مدت کے لئے کرفیو نافذ کردیاگیا ہے ۔سیکورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں میں مولانا فضل اللہ کے قریبی ساتھی اور حلقہ این اے تیس سے نامزد امیدوار مولانا عبدالرشید کو گرفتار کرلیا ہے ۔اس کے علاوہ درجنوں مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کرکے پوچھ گچھ شروع کردی ہے ۔