ملتان،بینظیر قتل کے بعد توڑپھوڑ کے الزام میں گرفتار مسلم لیگ ن کے رہنما کی ضمانت منظور

جمعرات 3 جنوری 2008 12:59

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3جنوری۔2008ء) محترمہ بینظیربھٹو کی شہادت کے حوالے سے جلوس نکالنے اور توڑپھوڑ میں مبینہ طورپر ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار ہونے والے مسلم لیگ(ن) کے رہنما اور متحدہ شہری محاز کے صدر طارق نعیم اللہ خان کی درخواست ضمانت گذشتہ روز منظور ہوگئی جس کے بعدانہیں بعداز سہ پہر ڈسٹرکٹ جیل ملتان سے رہا کردیاگیا رہائی کے موقع پر صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 194کے امیدوار شاہد محمود خان سمیت مسلم لیگ(ن)، متحدہ شہری محاز اور مقامی ٹرانسپورٹ تنظیموں کے عہدیداران کی بڑی تعداد نے اپنے ہر دلعزیز رہنما طارق نعیم اللہ خان کا ڈسٹرکٹ جیل کے باہر استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہاروں سے لاد دیا۔

اس موقع پر حکومت وقت اور ایک سرکاری صوبائی امیدوارجو سابق صوبائی وزیر بھی رہے ہیں کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور طارق نعیم اللہ خان کے خلاف درج ہونے والے مقدمہ کو جھوٹا اور انتقامی مقدمہ قرار دیاگیا۔

(جاری ہے)

جس کا مقصد طارق نعیم اللہ خان کو اپنے بھائی شاہد محمود خان اور مخدوم جاوید ہاشمی کی انتخابی مہم سے روکنا قرار دیاگیا۔اس موقع پر جمع ہونے والے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے طارق نعیم اللہ خان نے کہا کہ محترمہ بینظیربھٹو کی شہادت کے خلاف نکلنے والے جلوس کی قیادت کرنا اور اس کے عوض گرفتار ہونا ان کے لئے اعزاز کی بات ہے۔

قاتل لیگ کے لوگ ہمیں گرفتاریوں سے نہیں ڈرا سکتے۔ہم نے پاکستان کی قومی لیڈر محترمہ بینظیربھٹو کی شہادت کے غم میں پیپلزپارٹی کے بھائیوں کا بھرپور ساتھ دیاہے ضلعی انتظامیہ نے قاتل لیگ کے اہم سرکردہ رہنماؤں کے دباؤ پرمیرے خلاف ایک جھوٹا پرچہ کرکے مجھے دھوکے سے گرفتار کیا۔تاہم عدالت سے میری ضمانت حق وانصاف کی فتح ہے۔طارق نعیم اللہ خان نے مختلف جماعتوں کے سیاسی رہنماؤں ، کارکنوں اور مختلف طبقہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کاشکریہ ادا کیا جنہوں نے تھانے میں آکر ان سے ملاقات کی اور اظہار یکجہتی کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں شہر کی بھلائی کے لئے جمہوریت کی بحالی عدلیہ کی آزادی اور ملک کی ترقی کے لئے اپنا کردارادا کرتارہوں گاانہوں نے کہا کہ اسلام دشمن اور ملک دشمن طاقتوں کا ہر صورت مقابلہ کیاجائے گا اور عوامی راج کے لئے ہر قربانی دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :