کراچی کے علاقے قائد آباد میں بم دھماکہ ،دو بچوں سمیت بارہ افراد جاں بحق ،پچا س سے زائد زخمی ،مسلم لیگ نواز ،اے این پی اور جماعت اسلامی کی جانب سے شہر میں تین روزہ سوگ کا اعلان۔اپ ڈیٹ

پیر 14 جنوری 2008 23:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جنوری۔2008ء) کراچی میں قائد آباد کے علاقے میں بم دھماکے میں دو بچوں سمیت بارہ افراد جاں بحق اور پچاس سے زائد زخمی ہو گئے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ قائد آباد کے علاقے گل احمدچورنگی کے پر ہجوم مقام پر ہوا ۔ زخمیوں کو اسٹیل ملز ،سوشل سیکورٹی اور جناح سمیت شہر کے مختلف سرکاری اورنجی اسپتالوں میں پہنچایا گیا ہے ۔

دو بچوں سمیت آٹھ افراد کی لاشیں جناح اسپتال جبکہ چار کی سوشل سیکورٹی اسپتال میں لائی گئی ہیں ۔ زخمیوں میں سے نو کی حالت تشویشناک ہے ۔پولیس اوررینجر ز کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ہے ۔ دھماکے بعد مشتعل افراد نے ہوائی فائرنگ کی گاڑیوں پر پتھراوٴ کیا ۔ قائم مقام آئی جی سندھ اظہر علی فاروقی نے جائے وقو عہ کا دورہ کیا اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ بم موٹر سائیکل میں نصب تھا نگراں وفاقی وزیر داخلہ حامدنواز خان ، وفاقی وزیر انسانی حقوق انصار برنی ،مسلم لیگ کے قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف ،پیپلز پارٹی کے وائس چیئر مین مخدوم امین فہیم ،اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی اور سٹی ناظم سید مصطفیٰ کمال نے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے ۔

(جاری ہے)

جبکہ مسلم لیگ نواز ،جماعت اسلامی اور عوامی نیشنل پارٹی نے واقعے کے خلاف شہر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے ۔