انتخابات منصفانہ اور شفاف ہوئے تو ق لیگ دور دور تک نظر نہیں آئے گی‘نواز شریف

منگل 29 جنوری 2008 11:59

اوکاڑہ (اردوپوائنٹاخبار تازہ ترین 29 جنوری2008) مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر انتخابات منصفانہ اور شفاف ہوئے تو ق لیگ دور دور تک نظر نہیں آئے گی- دھاندلی روکنے کیلئے حکمت عملی تیار کی جائے گی- اندھیرے میں ڈوبے ملک کو روشنی کی طرف لائیں گے حکمرانوں سے مذاکرات کرنے کا سوال ہی پیدا نیں ہوتا- حکومت اور ق لیگ کا یوم حساب قریب آ گیا ہے 18 فروری کو سولہ کروڑ عوام آئین توڑنے والوں‘ ججوں کو معزول کرنے ‘ملک میں آگ اور خون کی ہولی کھیلنے والوں کو عبرتناک شکست سے دو چار کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم یوتھ ونگ کے ضلعی صدر مرزا نعیم بیگ کے ہمراہ جانے والے کارکنوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا- انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آٹھ سالہ آمریت نے بدترین اقتصادی اور سیاسی بحران کی طرف دھکیل دیا ہے عوام ق لیگ کی ناقص پالییسوں کی وجہ سے مہنگائی اور لاقانونیت کی وجہ سے سخت پریشان ہیں میاں نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی اولین ترجیح ججوں کی بحالی اور عدلیہ کو دو نومبر والی پوزیشن پر بحالی ہے- عوام ان دھوکے باز اور سیاسی شعبدہ بازی کرنے والوں کی کرتوتوں سے آگاہ ہو چکے ہیں جنہوں نے ملک کو بحرانوں سے دو چار کر رکھا ہے اب عوام ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے انہوں نے کہا کہ اٹھارہ فروری پاکستان میں تبدیلی کا دن ہو گا آمریت کی جگہ حقیقی جمہوریت ‘شخصی حکمرانی کی جگہ قانون کی حکمرانی پروان چڑھے گی- میاں نواز شریف نے کہا کہ عوام اٹھارہ فروری کو اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کر کے آمریت کے پیروکاروں کو عبرتناک شکست دیں تاکہ ملک میں حقیقی جمہوریت آئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اقتدار میں آ کر عوام کی خوشحالی اور استحکام پاکستان کیلئے ٹھوس اور مثبت منصوبہ کرے گی تاکہ ملک و قوم ترقی کر سکے-