غزہ میں بم دھماکہ اور فائرنگ سے دو اسرائیلی فوجی ہلاک ، ایک فلسطینی شہید ،، غزہ کو بدترین انسانی بحران کا سامنا ہے ، انسانی حقوق تنظیم کی رپورٹ جاری

جمعرات 6 مارچ 2008 17:05

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6مارچ۔2008ء) غزہ میں بم دھماکے کے نتیجے میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ اسرائیلی کے زمینی حملے میں ایک فلسطینی شہید ہوگیا۔ انسانی حقوق کی تنظیم کی جانب سے رپورٹ میں غزہ کی صورت حال پر تشویش ظاہر کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ علاقے میں اب تک کا بدترین انسانی بحران پیدا ہو گیا ہے ۔ مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کے حملے میں دو فوجیوں کو ہلاکت کی تصدیق کی ۔

اس سے پہلے ایک عرب ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی فوجی گاڑی دھماکے سے تباہ ہوگئی جس میں سوار دو اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے ۔ اس واقعے کی ذمہ داری فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے قبول کرلی ہے ۔ اسپتال ذرائع نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں کارروائی کرتے ہوئے ایک فلسطینی کو شہید کر دیا۔

(جاری ہے)

ادھر انسانی حقوق کی تنظیم کیئر انٹر نیشنل نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اسرائیلی ناکہ بندی کے باعث غزہ میں گذشتہ چالیس سال کے دوران بدترین انسانی بحران پیدا ہو گیا ہے ۔

رپورٹ کے مطابق غزہ میں رہائش پذیر پندرہ لاکھ افراد کو غذائی قلت، صحت کی سہولتوں کا فقدان اور پانی کی کمی کاسامنا ہے ۔ دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین امن مذاکرات بحال کرنے پر متفق ہو گئے ہیں۔