ناظم کراچی کی ہدایت پر سٹی حکومت کراچی کے جراثیم کش اسپرے کیلئے خصوصی انتظامات

بدھ 15 اپریل 2009 16:46

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔15اپریل 2009 ء) ناظم کراچی سید مصطفی کمال کی ہدایت پر سٹی حکومت کراچی نے جراثیم کش اسپرے کیلئے خصوصی انتظامات کئے ہیں جن کے تحت اسپرے گاڑیوں کی مدد سے محکمہ صحت سٹی حکومت کا عملہ روزانہ مسلسل ہر ٹاؤن کی تمام یونین کونسلوں میں گزشتہ ساڑھے 3 سال سے اسپرے کر رہا ہے علاوہ ازیں مساجد، شاپنگ مال اور تجارتی مراکز میں خاص طور پر اسپرے کیا جارہا ہے تاکہ شہری مچھروں اور جراثیم سے محفوظ رہیں۔

اسپرے مہم کے لئے وافر مقدار میں جراثیم کش ادویات اور گاڑیوں کے معقول انتظام کے بعد شیڈول کے مطابق ہر ٹاؤن میں اسپرے کیا جارہا ہے گزشتہ روز اسپرے مہم کے دوران لیاری ٹاؤن میں اسپرے کیا گیا۔ ٹاؤن ناظم محمود ہاشم نے لیاری ٹاؤن میں اسپرے مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناظم کراچی کے ممنو ن ہیں کہ ان کی ہدایت پر لیاری ٹاؤن میں بھی اسپرے کیا جارہا ہے، اس سے مثبت نتائج حاصل ہورہے ہیں اور شہری مچھروں سے نجات پانے کے ساتھ بیماریوں سے بھی محفوظ رہیں گے، انہوں نے یوسی ناظمین اور ٹاؤن کے محکمہ صحت کے افسران و عملہ کو ہدایت کی کہ ہر یونین کونسل میں بہترین انداز میں اسپرے کرایا جائے بعدازاں اسپرے ٹیموں نے لیاری کی تمام یونین کونسلوں میں اسپرے کیا۔

(جاری ہے)

علاقہ کے لوگوں نے اسپرے کرانے پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔ اسپرے مہم کا آغاز لیاری ٹاؤن آفس سے کیا گیا۔ اس موقعہ پر سٹی حکومت، ٹاؤن انتظامیہ کے افسران ، یوسی ناظمین اور علاقہ کے لوگ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ تمام ٹاؤنز میں اسپرے کیلئے 4 بجے شام کا وقت مقرر کیا گیا ہے جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ دوران اسپرے کھانے پینے کی اشیاء کو ڈھانپ کررکھیں۔

متعلقہ عنوان :