کراچی  غریب آباد میں آتش بازی کے گودام میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، کم از کم دو خواتین ہلاک ،30 سے زائد افراد زخمی

جمعہ 26 جون 2009 20:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جون۔2009ء) کراچی کے علاقے گلبرگ ٹاؤن میں غریب آباد ریلوے پھاٹک کے قریب جمعہ کو مکان میں آتش بازی کا سامان بنانے والے گودام میں اچانک دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں کم از کم دو خواتین ہلاک اور 30 سے زائد افراد زخمی ہوگئے جن میں سے متعدد چند کی حالت نازک ہے۔ ہلاک ہونے والی ایک خاتون کی شناخت نسرین بانو کے نام سے ہوئی۔

شریف آباد تھانے کی حدود میں ہونے والے اس دھماکے کے باعث علاقے میں سخت خوف وہراس پھیل گیا جبکہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ جائے وقوعہ پر جمع ہوگئے جس کے باعث امدادی کارروائیوں میں سخت دشواریاں پیش آئیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ پولیس حکام، رینجرز کی بھاری تعداد موقع پر پہنچ گئی جبکہ ایمبولینس، فائر بریگیڈ اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا۔

(جاری ہے)

بھاری مشینری کی مدد سے امدادی سرگرمیاں شروع کی گئیں۔ دھماکے کی شدت کے باعث گودام کی عمارت مکمل طور پر منہدم ہوگئی۔ اطراف کے کم از کم 5 مکانات کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ایک درجن سے زائد گھر دھماکے سے متاثر ہوئے۔ واقعہ کے بعد عباسی شہید اسپتال میں ہنگامی حالات کا اعلان کردیا گیا جہاں زخمی ہونے والے 25 افراد کو علاج کیلئے پہنچایا گیا جن میں عورتوں کی ایک بڑی تعداد شامل ہے جبکہ زخمی ہونے والے 4 افراد کو سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد لایا گیا۔

محکمہ فائر بریگیڈ کے مطابق شام 5 بج کر 25 منٹ پر دھماکے کی اطلاع ملنے پر سہراب گوٹھ فائر اسٹیشن کا عملہ سب سے پہلے موقع پر پہنچ گیا اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے عملے نے موقع پر پہنچ کر گیس لائن کی فراہمی کو منقطع کردیا۔ زخمیوں میں 26 سالہ شمیم بانو، 41 سالہ جمیلہ بی بی، 26سالہ سدرہ، 17 سالہ اقراء، 60 سالہ رئیس، 20 سالہ ارشد، 20 سالہ زبیر، 44 سالہ حسن علی، 20 سالہ کنیز، 40 سالہ سکینہ اور 60 سالہ صوبیہ ، فواد، شمیم، فیاض شامل ہیں۔

دھماکے کے بعد امدادی سرگرمیوں کے دوران ملبے سے ایک خاتون کی لاش برآمد ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق عظیم نامی شخص نے مذکورہ مکان کرائے پر لے رکھا تھا جہاں پر غیر قانونی طور پر آتش گیر مادہ رکھ کر پٹاخے بنانے کا کام جاری تھا۔

متعلقہ عنوان :