کسی کو عدالتیں توڑنے کی اجازت نہیں دیں گے، آئین توڑ کر ملک نہیں چلائے جا سکتے، نواز شریف، پرویز مشرف اور چوہدریوں نے مسلم لیگ کو ختم کرنے کی کوشش کی، عدلیہ کی بحالی کی خوشی دو بار وزیراعظم بننے سے زیادہ تھی، بہاولپور میں ورکرز سے خطاب ۔ اپ ڈیٹ

جمعرات 4 فروری 2010 14:59

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔04 فروری۔ 2010ء) پاکستان مسلم لیگ( ن) کے قائد میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ موجودہ حالات خاموشی سے فائدہ اٹھا کر پیدا کیے گئے ہیں تاہم اب قوم جاگ رہی ہے ، لانگ مارچ اگر پہلے کیا ہوتا توآج یہ دن نہ دیکھنے پڑتے، کسی کوعدالتیں توڑنے کی اجازت نہیں دیں گے ،آئین توڑ کر ملک نہیں چلائے جا سکتے ،زرداری صاحت نے وعدے توڑے ہیں،ایک آمر نے بگٹی کو قتل کیا اور بلوچستان میں حالات خراب کیے، مشرف اور چوہدریوں نے مسلم لیگ کو ختم کرنے کی کوشش کی، عدلیہ کی بحالی کی خوشی دو بار وزیر اعظم بننے سے زیادہ تھی۔

جمعرات کویہاں پارٹی کی تنظیم سازی مہم کے دوران ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ صدر زرداری نے وعدے پورے نہیں کیے جس سے بہت دل دکھا ،آمر کی باقیات آج بھی موجود ہیں ، ایک آمر نے ججوں کو نظر بند کیا اور چیف جسٹس کی کراچی آمد پر لاشوں کے ڈھیر لگا دیے ،بلوچستان میں اکبر بگٹی کا قتل کر علیحدگی پسندوں کی تحریکوں کو جنم دیا تاہم اس کا احتساب کرنے کے بجائے اسے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی بحالی کی خوشی دو بار وزیر اعظم بننے سے زیادہ تھی ۔ انہوں نے کارکنان سے وعدہ لیا کہ آئندہ کسی ظلم کا ساتھ نہیں دیں گے اور پاکستان کی تقدیر بدل دیں گے ۔ ملک میں ہرطرف بے چینی ہے اورپاکستان اس وقت مشکلات میں گھرا ہوا ہے۔ ہمیں اقتدار کی خواہش کو دفن کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف اور چودھریوں نے مسلم لیگ کو ختم کرنے کی کوشش کی ۔ آج سابق صدر کو کوئی نہیں روک رہا وہ وطن واپس آنے کو تیار نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر نے اپنی کتاب میں پاکستانیوں کو بیچنے کا اعتراف کر کے اپنے ہاتھون اپنے خلاف ایف آئی آر کاٹی ہے۔