صوبے میں فروغ تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنایا ‘سکولوں میں اساتذہ کی حاضری یقینی بنائے بغیر تمام تر کاوشیں بیکار ثابت ہونگی‘شہباز شریف

منگل 13 اپریل 2010 20:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔13 اپریل ۔2010ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے صوبے میں فروغ تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے اور تعلیمی اداروں میں ضروری سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے‘ تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی معیاری تربیت و حاضری کو یقینی بنانا بے حد اہمیت کا حامل ہے اورسکولوں میں اساتذہ کی حاضری یقینی بنائے بغیر تمام تر کاوشیں بیکار ثابت ہوں گی۔

وہ گزشتہ روز صوبے کے تعلیمی اداروں میں ضروری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے-جس میں رکن قومی اسمبلی سائرہ افضل تارڑ‘ ایڈیشنل چیف سیکرٹری‘ چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات‘ سیکرٹری سکولز‘ ایم ڈی دانش سکول سسٹم کے علاوہ متعلقہ افسران و تعلیمی ماہرین نے شرکت کی-ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے تعلیمی ادارو ں میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی-وزیراعلیٰ محمدشہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے معیاری تعلیم کے فروغ اور صوبے کے دوردراز علاقوں میں جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لئے جامع حکمت عملی اپنائی ہے- انہوں نے کہا کہ صوبے کے چار ہزار سے زائد سکولوں میں پانچ ارب روپے کی لاگت سے آئی ٹی لیبز قائم کی گئی ہیں جن سے ہرسال 32لاکھ طلبا و طالبات جدید علوم سے آراستہ ہوکر ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں گے- انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں چاردیواری‘ فرنیچر‘ پانی ‘ٹائلٹس اور دیگر سہولتوں کی فراہمی بے حد اہمیت کی حامل ہے اور ہمیں ہرصورت سکولوں میں ان سہولیات کو یقینی بنانا ہے- انہوں نے کہا کہ طالبات کے سکولوں میں ٹائیلٹ‘ چاردیواری اور پینے کے پانی کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے تاکہ وہ بہتر ماحول میں اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھ سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں ضروری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیکر جلد سفارشات پیش کی جائیں جن کی روشنی میں جامع لائحہ عمل مرتب کیاجائے گا- انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت میں ماسٹر ٹرینرز کے لئے اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹریننگ سنٹربھی قائم کیا جائے اور اس حوالے سے بھی سفارشات پیش کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پر کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں اوراساتذہ کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے-انہوں نے کہا کہ آئی ٹی لیبز کی مانیٹرنگ کے لئے موثر نظام اپنایاجائے اور تمام ڈی سی اوز صاحبان کو اس حوالے سے اپنی ماہانہ روپورٹیں بھجوانے کا پابند کیاجائے-انہوں نے ایم ڈی دانش سکول سسٹم یوسف کمال کو ہدایت کی کہ وہ سنٹرز آف ایکسی لینس (Center of Excellence)کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیں اور سکولوں میں سائنس لیبارٹریوں کو متحرک اور فعال بنانے کے لئے بھی انہیں علیحدہ بریفنگ دی جائے- اجلاس کے شرکا نے تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اپنی اپنی تجاویز آراء کا اظہار کیا-