پنجاب اسمبلی میں میڈیا کیخلاف پیش کی جانیوالی قرارداد اسمبلی کے تمام اراکین نے متفقہ طورپر تیار کی ، میڈیا کے خلاف قرارداد 8 جولائی کو پنجاب اسمبلی میں ہونیوالے خصوصی اجلاس میں تیارکی گئی، نجی ٹی وی ، اجلاس کاایجنڈا ”اراکین اسمبلی کی میڈیا کے ہاتھوں ہتک“ تھا،اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے 7 ، مسلم لیگ(ق) کے2 ،پیپلزپارٹی اور یونیفیکیشن گروپ کے 4 ، 4  متحدہ مجلس عمل کا ایک رکن شریک ہوا

منگل 13 جولائی 2010 15:09

لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 جولائی۔2010ء) پنجاب اسمبلی میں میڈیا کیخلاف پیش کی جانیوالی قرارداد اسمبلی کے تمام اراکین نے متفقہ طورپر تیار کی ، میڈیا کے خلاف قرارداد آٹھ جولائی کو پنجاب اسمبلی میں ہونیوالے خصوصی اجلاس میں تیارکی گئی ۔ نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب اسمبلی میں میڈیا کیخلاف پیش کی جانیوالی قرارداد کی تیاری کے لئے منعقدہ اجلاس کاایجنڈا ”اراکین اسمبلی کی میڈیا کے ہاتھوں ہتک“ رکھا گیا تھا۔

اجلاس میں 18اراکین اسمبلی نے شرکت کی جن میں مسلم لیگ (ن) کے سات ، مسلم لیگ(ق) کے دو ،پیپلزپارٹی اور یونیفیکیشن گروپ کے چار ، چار جبکہ متحدہ مجلس عمل کا ایک رکن شامل تھا۔مسلم لیگ (ن) کے سات ارکان جنہوں نے قرارداد کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا ان میں راحیل خادم حسین ، چوہدری عبدالوحید ، سعید انصاری ، نوید انجم ، ثناء اللہ مستی خیل ، کرنل شجاع خان ، اور خانزادہ سید شمس حیدر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی کے اراکین میں نرگس فیض ملک ، محمد عباس ، میجر ذوالفقارعلی گوندل اور ڈاکٹر آمنہ بٹر شامل ہیں ۔یونیفیکیشن گروپ کے ممبران میں عزیز بھٹی ، شیخ علاؤالدین ، ڈاکٹر طاہر جاوید اوراعجاز شفیع جبکہ ایم ایم اے کے علی حیدر نے اس قرارداد کی تیاری میں حصہ لیا تھا۔9جولائی کو پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے سے قبل انہی اراکین اسمبلی نے یہ قرارداد سپیکر کے سامنے پیش کی جبکہ مسلم لیگ (ق) کے رہنما ظہیر الدین نے اس قرارداد کے متن سے اتفاق نہیں کیا لیکن اس حوالے سے ہونے والی ساری کارروائی ان کے علم میں تھی۔

سپیکر کے کمرے میں اجلاس کے دوران قرارداد پیش کرنے کیلئے قرعہ اندازی کی گئی جس پر ثناء اللہ مستی خیل کے نام قرعہ نکلا اورانہیں کہا گیا کہ یہ قرارداد اسمبلی میں آپ پیش کریں۔ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی میں پیش کی جانیوالی قرارداد کے بارے میں تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیا گیا تھا اور اس قرارداد سے لاتعلقی کا اظہار کرنے والے اراکین بھی تیاری میں متفقہ طورپر شامل تھے۔