مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کا پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں متحدہ اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کا اعلان، ماضی کے تحفظات بھلاکر نیا آغاز کررہے ہیں ،حکومت کرپشن اوردیگر مسائل کو ٹھیک کرلے تو اسے ٹائم مل جائیگا ،اسحاق ڈار،جے یو آئی بھی متحدہ اپوزیشن میں آئی تو خیرمقدم کرینگے،ایم کیو ایم سے مذاکرات کے بعدمیڈیا سے گفتگو

بدھ 6 جولائی 2011 19:26

پاکستان مسلم لیگ ن اورمتحدہ قومی موومنٹ نے پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں متحدہ اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کا اعلان کیا ہے اورمسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ماضی کے تحفظات بھلاکر ہم نیا آغاز کررہے ہیں ،حکومت پرمنحصر ہے کہ وہ کرپشن اوردیگر مسائل کو ٹھیک کرلے تو اسے ٹائم مل جائیگا ،جے یو آئی بھی متحدہ اپوزیشن میں آئی تو خیرمقدم کرینگے۔

مسلم لیگ ن اور ایم کیوایم کے درمیان وفود کی سطح پر طویل عرصہ کے بعد بدھ کو یہاں ملاقات ہوئی جس میں مسلم لیگ ن کا وفد سینیٹرمحمداسحاق ڈار، سینیٹر پرویز رشید، خواجہ سعد رفیق اور سینیٹرمشاہد اللہ خان جبکہ ایم کیو ایم کاوفد رضاہارون، حیدرعباس رضوی اوروسیم اختر پرمشتمل تھا ۔مذاکرات کے بعد حیدرعباس رضوی نے میڈیا کے سامنے مشترکہ بیان پڑھ کرسنایا جس میں کہا گیا کہ اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال ،کمر توڑ مہنگائی، بجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ، معاشی بدترین صورتحال ،امن وامان کی خرابی ،کرپشن کی سرکاری سرپرستی ،مخدوش سیاسی حالات سمیت کشمیر میں تاریخ کی بدترین دھاندلی اور حکومتی طاقت کے ناجائز استعمال کے ساتھ ساتھ دونوں جماعتوں کے باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا دونوں فریقو ں نے منتخب ایوانوں کے ذریعے آئین اور قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے بھر پور اپوزیشن کا اصولی فیصلہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق سینیٹ ،قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں میں دونوں جماعتیں متحد ہوکر مسائل کے حل کیلئے مشترکہ جدوجہ کریگی جس کا ان مذاکرات میں اصولی فیصلہ کیاگیا ہے