صدر نے فصیح بخاری کا نام قومی احتساب بیورونیب کے نئے چیئر مین کیلئے تجویز کر دیا ، نام مشاورت کیلئے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار علی خان کو بھجوا دیا گیا ،نام مسترد کرتے ہیں ، ایڈ مرل (ر) فصیح بخاری آگسٹا آبدوزوں کی خریداری سکینڈل میں ملو ث رہے ہیں، مشاہد اللہ خان

اتوار 9 اکتوبر 2011 22:35

صدر آصف علی زر داری نے پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل ریٹائرڈ فصیح بخاری کا نام قومی احتساب بیورونیب کے نئے چیئر مین کیلئے تجویز کیا ہے اور یہ نام مشاورت کیلئے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار علی خان کو بھجوا دیا گیا ہے جن سے مشورے کے بعد صدر باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرینگے ۔

(جاری ہے)

یہ بات ایوان صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر کے حوالے سے بتائی گئی ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور حکومت چیئرمین نیب کی تعیناتی کے حوالے سے ایک مرتبہ پھر آمنے سامنے آ گئیں جبکہ (ن) لیگ کے ترجمان نے حکومت کی طرف سے چیئرمین نیب کیلئے ایڈ مرل (ر) فصیح بخاری کے نام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آگسٹا آبدوزوں کی خریداری سکینڈل میں ملوث ہیں ، نیب کے چیئرمین کا عہدہ محتسب کا ہوتا ہے جس شخص کیخلاف خود انکوائریاں ہوں وہ حکومتی لوگوں یا اداروں کا کیا احتساب کرے گا اور لگتا ہے کہ صدر آصف زرداری اپنی کرپشن چھپانے کے لئے کرپٹ لوگوں کو عہدوں پر تعینات کرنا چاہتے ہیں