بلوچستان کے وسائل بلوچ قوم کی ملکیت ہیں، پیپلز پارٹی نے ترقیاتی منصوبوں او رملازمتوں کیلئے خصوصی کوٹہ دینے کا اعلان ووٹ کیلئے کیا تھا،نواز شریف کی قیادت میں بلوچستان کے مسائل حل ہونگے، مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر وچیف آف جھلاوان نواب ثناء اللہ زہری کی وفد سے گفتگو

منگل 25 دسمبر 2012 20:26

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔25دسمبر۔ 2012ء) مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر وچیف آف جھلاوان نواب ثناء اللہ زہری نے کہاہے کہ بلوچستان کے کا مسئلہ سیاسی ہے یہاں کے لوگوں کو اگر ان کے آئینی حقوق دیئے جاتے تو آج یہ حالات نہیں ہوتے بلوچستان کی سرزمین کا عظیم تر ساحل وسائل صدیوں سے بلوچ قوم کی ملکیت ہیں پاکستان کے آئین میں کسی بھی سرزمین سے نکلنے والے وسائل پر پہلا حق وہاں کے لوگوں کا ہوتا ہے لیکن بدقسمتی سے گزشتہ 64 سالوں سے بلوچ قوم کو یہاں سے نکلنے والے وسائل میں حق نہیں دیا گیا یہی وجہ کہ اس طرح کے سرمایہ کے مالک قوم غربت وافلاس کی بدترین زندگی گزار رہے ہیں، پاکستان مسلم لیگ بلوچستان کے بارے میں ایک بہتر حکمت عملی رکھتی ہے اور میاں محمد نواز شریف اور پارٹی کی قیادت کا بلوچستان کے سیاسی زعماء ، رہنماؤں سے روابط ہیں اقتدار میں آکر بلوچستان کے مسئلے کو بہتر طریقہ سے حل کریں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پاکستان مسلم لیگ ن جھلاوان کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ا نہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ پورے ملک کے اندر بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کرے گی بلوچستان میں بھی مستقبل مسلم لیگ (ن) کی روشن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور صوبہ خیبر پشتونخواہ کے لوگوں کے خلاف طاقت کے استعمال نے حالات خراب کردیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی پی پی کی حکومت کے قیام کے وقت عوام سے وعدہ کیا گیا کہ بلوچستان کے حالات کو ٹھیک کرنے کے لئے بلوچ قوم پرست جماعتوں اور ناراض رہنماؤں سے مذاکرات کئے جائیں گے بلوچ عوام کے محرومیوں کو دور کرنے اور ان کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لئے ترقیاتی منصوبوں او رملازمتوں کا خصوصی کوٹہ دیا جائے گا لیکن بدقسمتی سے یہ تمام اعلانات سرآب ہوئے ہمارے لوگوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کی بجائے ان پر نمک پاشی کی گئی ۔