آزادکشمیر میں سرما ئی کھیلوں کے فروغ اورایڈونچر ٹورازم کی ترقی کیلئے سنوکراس جیپ ریلی کا انعقاد، جیپیں وادی نیلم کی برف کے ساتھ اٹھکیلیاں کرتی رہیں ‘ مقامی آبادی محظوظ ہوتی رہی

پیر 11 فروری 2013 16:41

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 11فروری 2013ء) آزادکشمیر میں سرما ئی کھیلوں کے فروغ اورایڈونچر ٹورازم کی ترقی کے لیے سنوکراس جیپ ریلی کا انعقاد،جیپیں وادی نیلم کی برف کے ساتھ اٹھکیلیاں کرتی رہیں جبکہ مقامی آبادی محظوظ ہوتی رہی۔محکمہ سیاحت کے تعاون سے مظفرآباد جیپ کلب کے زیر اہتمام ہونے والی سنوکراس جیپ ریلی مظفرآباد سے شروع ہوئی اوروادی نیلم کے تاریخی سیاحتی مقام شاردہ پر اختتام پذیر ہوئی ۔

اس دوران نیلم ویلی روڈ پر جیپ سواروں کو ایڈونچر ڈرائیونگ کے بھرپور مواقع میسر آئے ۔کہیں گاڑیاں برف پر ہچکولے کھاتی رہیں کہیں برف کی تہہ پرسلپ کرتی نظر آئیں۔کہیں مختلف نالوں سے گزرنا پڑا۔سنوکراس جیپ ریلی میں ڈیڑھ درجن گاڑیوں نے حصہ لیا جن کے ٹائروں پر چین اور رسیاں چڑھائی گئی تھیں تاکہ برف سے گزرا جاسکے ۔

(جاری ہے)

ریلی کی قیادت محکمہ سیاحت کے ناظم اعلیٰ ارشاد پیرزادہ اور جیپ کلب کے فہد مصطفٰے کررہے تھے ۔

دوروز ہ جیپ ریلی کے شرکاء نے اس موقع پر وادی نیلم کے خوبصورت مقامات کا بھی لطف اٹھایا۔مظفرآباد واپسی پر گفتگو کرتے ہوئے جیپ سواروں نے کہا کہ وادی نیلم کی سڑکیں سنوکراس اور ایڈونچر ٹورازم کے لیے موزوں ترین ہیں جن سے لطف اندوز ہونے کے لیے ایڈونچرکے شوقین اس خطے کا رخ کریں ۔انہوں نے اس موقع پر محکمہ سیاحت کے تعاون کی تحسین کرتے ہوئے کہا کہ ایڈونچر ٹورازم کے فروغ کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کو آگے آنا ہوگا کیونکہ اس خطے میں موجود ٹورازم پوٹنشل سیاحت کے حوالے سے کہیں سے بھی کم نہیں۔

علاوہ ازیں ناظم اعلیٰ سیاحت ارشاد پیرزادہ نے جیپ ریلی کے کامیا ب انعقاد پر شرکاء اور مظفرآباد جیپ کلب کو مبارک باددیتے ہوئے کہا کہ محکمہ سیاحت ہر اس کاوش کا خیرمقدم کرتی ہے جو آزادکشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لیے کی جائے ۔ان کا تعاون ہمیشہ ایسی سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے جاری وساری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :