برہان مرا نہیں، ہر کشمیری کی سانس بن گیا ہے، مشعال ملک

منگل 8 جولائی 2025 22:42

برہان مرا نہیں، ہر کشمیری کی سانس بن گیا ہے، مشعال ملک
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جولائی2025ء) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ اور کشمیری تحریکِ آزادی کی سرگرم آواز مشعال ملک نے برہان مظفر وانی کی شہادت کی برسی کے موقع پر جذباتی ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے برہان وانی کو تحریکِ آزادی کشمیر کا زندہ نظریہ قرار دیا۔مشعال ملک نے کہا سلام ہے اس ماں پر جس نے برہان کو جنم دیا، اور اس بیٹے پر جو زندہ ہو کر بھی شہادت کی چادر اوڑھ گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کی وادی برہان کی صدا سے گونج رہی ہے اور ان شاء اللہ ایک دن آزادی کی اذان ضرور بلند ہوگی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ برہان صرف ایک بیٹا نہیں تھا بلکہ کشمیر کی امید، ایک سوچ، ایک تحریک تھا۔ برہان نے بندوق نہیں اٹھائی، شعور جگایا، وہ صرف ایک مجاہد نہیں بلکہ ایک نظریہ بن چکا ہے جو ہر دل میں دھڑکتا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ظلم کے ہر وار پر برہان کی مسکراہٹ اس کا جواب تھی، اور اس نے ثابت کیا کہ نہ وہ جھکا، نہ رکا، نہ بکا۔

جس دن برہان شہید ہوا، اٴْس دن کشمیر کی آنکھوں نے انقلاب دیکھ لیا۔ انہوں نے کہا کشمیری نوجوان آج بھی برہان کے نقشِ قدم پر چل رہے ہیں، اور آزادی کے سفر میں ان کی للکار گونج رہی ہے۔ برہان مرا نہیں، وہ ہر کشمیری کی سانس بن گیا ہے، اور جب تک کشمیر زندہ ہے، برہان کی للکار گونجتی رہے گی۔ انہوں نے برہان کی شہادت کی تاریخ 8 جولائی کو صرف ایک دن نہیں بلکہ تحریکِ آزادی کی نئی شروعات قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :