Live Updates

سیاسی و مذہبی جماعتوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو عوام پر قاتلانہ حملہ قرار د یدیا، عوام ایسے مزید حملوں سے بچنے کیلئے حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہو ورنہ غریب کے پاس مرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہے گا ، اقتدار میں آنے سے پہلے دودھ کی نہریں بہانے کے وعدے کرنیوالے حکمرانوں نے 23دنوں میں عوام کے 14 طبق روشن کر دیئے ہیں ،حکمران غریب عوام پر رحم کریں،آئے روز بجلی ،گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام کا بھرکس نکال رہا ہے ،پارلیمنٹ میں قیمتوں میں اضافے کے خلاف شدید احتجاج کیا جائے گا ، حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں وہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے گریز کرے،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان،محمود الرشید، لطیف کھوسہ ، منظور وٹو، فضل الرحمن، عبد الغفور حیدری،چودھری ظہیر الدین ، مولانا سمیع الحق ،ثروت اعجاز قادری، شیخ رشید احمد ، حامد ناصر چٹھہ ،میاں محمد آصف، سید منور حسن ،لیاقت بلوچ کا ردعمل

جمعہ 28 جون 2013 20:01

لاہور/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔28جون۔2013ء) سیاسی و مذہبی جماعتوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکم جولائی سے اضافے کے حکو متی فیصلہ کو ”شیر “کا غریب عوام پر قاتلانہ حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام ایسے مزید حملوں سے بچنے کیلئے حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہو ورنہ غریب کے پاس مرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہے گا ، اقتدار میں آنے سے پہلے دودھ کی نہریں بہانے کے وعدے کرنیوالے حکمرانوں نے 23دنوں میں عوام کے 14 طبق روشن کر دیئے ہیں ،حکمران غریب عوام پر رحم کریںآ ئے روز بجلی ،گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام کا بھرکس نکال رہا ہے ،پارلیمنٹ میں قیمتوں میں اضافے کے خلاف شدید احتجاج کیا جائے گا اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے گریز کرے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ،پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید اور تحریک انصاف کے صوبائی صدر اعجاز احمد چودھری نے یکم جولائی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکمرانوں کے ظالمانہ اقدام کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھر پور آواز بلند کرے گی ۔

انہوں نے کہاکہ (ن)لیگ بھی پیپلزپارٹی کے راستے پر چل پڑی ہے اس لئے اب عوام حکمرانوں سے خیر کی توقع نہ کریں ۔پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل سردار لطیف خان کھوسہ ، صوبائی صدر میاں منظور احمد وٹو ، پیپلزپارٹی شعبہ خواتین لاہور کی صدر فائزہ ملک نے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو (ن)لیگ کا ظلم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقتدار میں آنے سے پہلے شریف برادران عوام کو دودھ کی نہریں بہانے کے وعدے کرتے رہے لیکن جس دن سے اقتدار میں آئے ہیں غریب عوام کا جینا بھی مشکل ہو چکا ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ملک میں مہنگائی کا ایک طوفان آئے گا جس سے عام آدمی کا بچنا ناممکن ہو گا ،حکمرانوں کو غریب عوام پر رحم کرنا چاہیے اور مہنگائی کے بم برسانے کے بجائے عوام کو ریلیف فراہم کریں۔

جمعیت علماء اسلام (ف)کے امیر مولانا فضل الرحمن ، سیکرٹری جنرل مولانا عبد الغفور حیدری اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا امجد خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کر دیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف فوری طور پر قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لیں اور عوام کو ریلیف دیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی ذمہ داری غریبوں کو مشکلا ت کا شکار کرنا نہیں بلکہ ان کے لئے آسانیاں پیدا کرنا ہے ۔

مسلم لیگ (ق) صوبائی جنرل سیکرٹری چودھری ظہیر الدین اور شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ثمینہ خاور حیات نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا حکومتی فیصلہ شیر کا غریب عوام پر قاتلانہ حملہ ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ قوم حکمرانوں کو ایک منٹ کیلئے بھی برداشت نہ کرے اور ان کے خلاف اٹھ کھڑی ہو کیونکہ (ن)لیگ سے خیر سے توقع کرنا احمقوں کی جنت میں رہنے کے مترادف ہے ۔

جمعیت علماء اسلام (س)کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی ، بے روزگاری سمیت عوام کی دیگر مشکلات میں اضافہ ہو گا اس لئے حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو فی الفور واپس لیا جائے ۔سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کر دیا ہے اور ان کاکہنا ہے کہ (ن)لیگ اپنے منشور اور وعدے کے مطابق غریب عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے عوامی مشکلات میں کمی کیلئے اقداما ت کرے ۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ حکمرانوں سے خیر کی توقع نہ کی جائے کیونکہ یہ غریب عوام کے جسم سے خون کا آخری قطرہ بھی نچوڑ لیں گے اور آج کل (ن)لیگ اپنے منشور نہیں آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے ۔مسلم لیگ ہم خیال کے چیئرمین حامد ناصر چٹھہ اور سابق پارلیمانی سیکرٹری برائے صنعت و تجارت میاں محمد آصف نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافے سے حکومت کو روکا جائے کیونکہ غریب عوام پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں اور ملک میں مہنگائی اور بیر وزگاری کا طوفان آ یا ہوا ہے ان حالات میں غریب کو مزید مہنگائی کی نہیں ریلیف کی ضرورت ہے ۔

جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن اورسیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر وسیم اختر نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حکومتی فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم جولائی سے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے ساتھ ہی مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہو جائے گا اگر حکمران آئی ایم ایف کے اشاروں پر چلنے کے بجائے عوامی امنگوں کو سامنے رکھ کر فیصلے کریں تو ملک کو مسائل سے نجات دلائی جا سکتی ہے لیکن موجودہ حالات میں ایسا نظر نہیں آر ہا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات