چیئرمین سمن آباد ٹاؤن ریسپانس کمیٹی برائے ڈینگی و رکن قومی اسمبلی مہر اشتیاق احمدکی زیر صدارت اجلاس، بند روڈ پر بس باڈی میکرز ورکشاپ میں ڈینگی لاروا پائے جانے پر ڈینگی ریگولیشنز کے تحت کارروائی کاآغاز، پنجاب یونیورسٹی کے ہاسٹلز ،یونین کونسل 84، 90اور 91میں نجی و سرکاری سکولوں کو خاص طور پر چیک کرنے کی ہدایت

منگل 1 اکتوبر 2013 16:03

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 1اکتوبر 2013ء) چیئرمین سمن آباد ٹاؤن ریسپانس کمیٹی برائے ڈینگی و رکن قومی اسمبلی مہر اشتیاق احمد نے ٹاؤن کی حدود میں نصب تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس کے نیچے پانی کھڑا ہونے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے واسا حکام کو پانی کی نکاسی یقینی بنا کر تین یوم میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایات منگل کے روز یہاں سمن آباد ٹاؤن میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران کہی۔

اس موقع پر ٹاؤن افسران ، محکمہ صحت ، سوشل ویلفیئر، ایجوکیشن، واسا اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے اعلی حکام بھی موجودتھے۔ رکن قومی اسمبلی مہر اشتیاق احمد نے اجلاس میں موجودمحکمہ صحت کے حکام کو ڈینگی لاروا کی افزائش کی ممکنہ جگہوں کی نشاندہی اور اسے تلف کرنے کے حوالے سے جاری مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے ہاسٹلز میں گزشتہ انسداد ڈینگی مہم کے دوران بھی ڈینگی لاروا کی نشاندہی کی گئی تھی اس لئے اسے خاص طور پر دوبارہ چیک کرکے رپورٹ کی جائے۔

ٹاؤن میونسل آفیسر سمن آباد ٹاؤن امتیاز اعوان نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی کہ بند روڈ پر واقع بس باڈی میکر ورکشاپ کے معائنہ کے دوران ڈینگی لاروا پائے جانے پر اس جگہ کو سیل کرکے ڈینگی ریگولیشن کے تحت کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔چیئرمین سمن آباد ٹاؤن ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی مہر اشتیاق احمد نے اجلاس میں موجود سالڈویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور واسا حکام کو ہدایت کی کہ کوڑا اکٹھا کرنے والے کنٹینرز کی کمی کو فورا پورا کیا جائے اور یونین کونسل 90بابوصابو کے مین ہولز کے ٹوٹے ہوئے ڈھکن بھی تبدیل کئے جائیں۔

رکن قومی اسمبلی مہر اشتیاق احمد نے محکمہ تعلیم کے حکام کو کہا کہ یونین کونسل 84، 90اور 91میں نجی و سرکاری سکولوں کو خاص طور پر چیک کیا جائے اور انسداد ڈینگی کے حوالے سے جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کی جائے کہ آیا کہ ان سکولوں میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے زیرو پیریڈ کا انعقاد ہورہا ہے اور طالب علم آدھے بازؤں کی شرٹس پہن کر تو سکول نہیں آرہے ؟۔ انہوں نے محکمہ سماجی بہبود کے حکام کو انسداد ڈینگی کے حوالے سے عوام آگہی مہم کو مزید تیز کرنے اور اس ضمن میں گھر گھر پیغام پہنچانے کے لئے ہرممکن کوششیں کرنے کی بھی ہدایت کی ۔