خطے میں پائیدار امن کے قیام اور تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پارلیمانی رابطوں کو فروغ دینگے ،پاکستان اور بھارت کا اتفاق ، دونوں ہمسایہ ممالک کو غربت ، ناخواندگی اور متعدد موذی بیماریوں جیسے بڑی چیلنجوں کا سامنا ہے ، سردار ایاز صادق

پیر 23 دسمبر 2013 22:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23دسمبر۔2013ء) پاکستان اور بھارت کے سپیکرز نے اس امر پر اتفاق کیا ہے کہ دونوں ممالک جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام اور تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پارلیمانی رابطوں کو فروغ دینگے۔ یہ اتفاق دونوں سپیکرز کے درمیان مالدیپ میں ہونے والی ساتویں سارک سپیکرز کانفرنس کے دوران ایک ملاقات میں ہوا جس میں قومی اسمبلی پاکستان کے سپیکر سردار ایاز صادق اور بھارت سے لوک سبھا کی سپیکر میرا کمار سمیت دونوں ملکوں کے اراکین اسمبلی نے شرکت کی ۔

مالدیپ کے شہر مالے سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سردار ایازصادق نے کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کو غربت ، ناخواندگی اور متعدد موذی بیماریوں جیسے بڑی چیلنجوں کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں ممالک اپنے وسائل دیگر امور پر خرچ کرنے کی بجائے ان اہم عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے خرچ کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں اطراف سے اعتماد سازی کی راہ میں حائل روکاوٹوں کو ختم کرکے رابطوں کے تمام چینل استعمال کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان ہی عوام کی اصل عکاسی کرتی ہیں اور انہی کے ذریعے ہی مسائل کا حل تلاش کیا جاسکتاہے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ قومی اسمبلی اور لوک سبھا کے درمیان قانون سازی ، قواعد و ضوابط ،دیگر پارلیمانی امور کے لیے استعمال ہونے ذرائع اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنا ، دونوں کے لیے فائدہ مند ہوگا۔ لوک سبھا کی سپیکر میرا کمار نے سردار ایاز صادق کے وڑن اور خیالات کو سراہتے ہوئے کہاکہ دوستوں کا انتخاب تو کرسکتے ہیں مگر اپنی مرضی سے ہمسایوں کا انتخاب نہیں کیا جاسکتا اگر مجھ سمیت میرے ہم وطنوں کو اس بات کا اختیار دیا جائے کہ وہ اپنی مرضی کا ہمسایہ چنیں ، تو یقینا ہمارا انتخاب پاکستان ہی ہوگا انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بامعنی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے سارک کانفرنس میں پاکستان کے کردار اکی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تمام سطح پر ڈائیلاگ کا فروغ پانا ہی خطے میں امن اور سلامتی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے سپیکر سردار ایاز صادق کو بھارت دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ بھی کیا سپیکر قومی اسمبلی نے ان کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں ان کی موجودگی سے ہر سطح پر تعلقات کو تقویت ملے گی جس سے دونوں ممالک کے لیے روشن پہلو اجاگر ہونگے۔