اقوام متحدہ میں کرائمیاکا روس کے ساتھ الحاق غیرقانونی قراردینے کی قراردادمنظور،قرارداد کے حق میں 100،مخالفت میں 11 ووٹ آئے، 58 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا

جمعہ 28 مارچ 2014 21:36

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ۔2014ء) اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے کرائمیا میں روس کے ساتھ الحاق کے لیے ہونے والے ریفرنڈم کو غیر قانونی قرار دینے کی قرارداد منظور کر لی ، غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنرل اسمبلی میں پیش کی جانے والی قرارداد کے حق میں 100 ممالک نے ووٹ دیا جبکہ اس کی مخالفت میں 11 ووٹ آئے، 58 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

(جاری ہے)

ووٹنگ کے بعد یوکرائن کے وزیرِ خارجہ آندرے ڈیشچتسیا نے کہا کہ دنیا کے تمام کونوں سے یہ حمایت ملی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کوئی علاقائی نہیں بلکہ عالمی معاملہ ہے۔ تاہم اقوامِ متحدہ میں روس کے مندوب ویٹالی چورکن کا کہنا تھا کہ یہ حقیقت کہ جنرل اسمبلی کے تقریباً نصف ارکان نے اس قرارداد کی حمایت نہیں کی، بہت حوصلہ افزا رجحان ہے اور میرے خیال میں یہ رجحان مضبوط سے مضبوط تر ہوتا جائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق چونکہ اس قرارداد کے نتائج پر عملدرآمد لازمی نہیں اس لیے اس کی حیثیت علامتی ہی ہے لیکن یوکرائن کو امید ہے کہ یہ قرارداد ایک رکاوٹ کا کام کرے گی اور روس کو اس کے مزید علاقوں میں دخل اندازی سے روکے گی۔