خیبر پختونخوا اور پنجاب میں ٹریفک کے مختلف حادثات میں 11افراد جاں بحق ،متعدد افراد زخمی

اتوار 8 جون 2014 13:43

خیبر پختونخوا اور پنجاب میں ٹریفک کے مختلف حادثات میں 11افراد جاں بحق ..

لوئردیر/پنڈی بھٹیاں /ٹوبہ ٹیک سنگھ /حب(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8جون۔2014ء) خیبر پختون اور پنجاب میں ٹریفک کے مختلف حادثات میں 11افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ،زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ہے تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کے علاقے لوئردیر میں گاڑی کھائی میں گرنے سے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حادثہ میدان کے علاقے بانڈئی میں پیش آیا۔ تیز رفتارگاڑی کھائی میں گرنے سے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے ۔گاڑی میں سوار افراد علاقہ میدان سے تیمر گرہ جارہے تھے۔جاں بحق افراد کی لاشیں تیمر گرہ ہسپتال منتقل کردی گئیں ہیں ادھر چکوال میں انٹر چینج کے قریب اے سی کوچ کی کار سے ٹکر میں میاں بیوی اور 3 بچے جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

35 سالہ محمد آصف واہ کینٹ میں گزشتہ سولہ سالوں سے حساس ادارے میں ملازمت کر رہا تھااس کی بیوی صغریٰ بی بی بھی حساس ادارے میں گریڈ 17 کی آفیسر تھی۔

محمد آصف واہ کینٹ سے اپنے گھر خوشاب آ رہا تھا کہ کلر کہار کے قریب تیز رفتار اے سی کوچ نے ٹکر مار دی۔ کار میں سوار میاں بیوی اور تین بچے جاں بحق ہو گئے۔ ادھر صوبہ پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک مسافر کوچ الٹنے سے ایک شخص جاں بحق اور چودہ زخمی ہوگئے یہ واقعہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے اڈا سونڈھ کے قریب پیش آیا۔ادھر جھنگ میں اٹھارہ داری چوک پر مسافر بس کے الٹنے سے آٹھ افراد زخمی ہوئے۔زخمیوں کو بعد میں قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا اس کے علاوہ بلوچستان کے علاقے حب کوسٹل ہائی وے پر مسافر بس الٹنے سے پچیس افراد زخمی ہوئے۔ریسکیو حکام کے مطابق زخمی ہونے والوں میں خواتین و بچے بھی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :