مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں اٹھانے کی ضرورت ہے، دنیا کو بتانا ہوگا خطے میں قیام مسئلے کے حل ہی سے ممکن ہے، بیرسٹر سلطان، سردار یعقوب

جمعرات 3 جولائی 2014 17:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3جولائی 2014ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم وپاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیرکے مرکزی رہنماء بیرسٹر سلطان محمودچوہدری اور صدر آزاد جموں و کشمیر سردار یعقوب خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں اٹھائے جانے کی ضرورت ہے کیونکہ اس ریجن میں ایسے حالات بن چکے ہیں کہ دنیا کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو گا اس ریجن میں امن قائم نہیں ہو سکے گا۔

اس بات کا فیصلہ آج یہاں دونوں رہنماؤں نے کشمیر ہاؤس میں ایوان صدر میں ایک گھنٹے کی تفصیلی ملاقات میں کیا۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ مسئلہ کشمیر اس ریجن کا کور ایشو ہے اور اسکا حل ضروری ہے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کو بھی روکا جائے ورنہ مقبوضہ کشمیر میں نوجوان مزاحمتی تحریک شروع کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اس موقع پر صدر ریاست سردار یعقوب خان کو اپنے دورہء امریکہ، یورپ کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور انہیں اس دورے کے حوالے سے بنائی گئی رپورٹ بھی پیش کی۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے صدر آزاد کشمیر کو بتایا کہ انھوں نے کشمیریوں کا موقف اقوام متحدہ، یورپی یونین ، یورپی پارلیمنٹ ، ناروے کی پارلیمنٹ ، وزارت خارجہ، فرانس اور جرمنی کی پارلیمنٹس اور برطانیہ میں وزارت خارجہ اور ہاؤس آف کامنز میں جارحانہ انداز میں پیش کیا ۔ انھوں نے کہا کہ تمام پارلیمنٹس میں کشمیریوں کی حمایت موجود ہے تاہم اس حمایت کو یکجا کرنے کی ضرورت ہے ۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اب مزید جارحانہ انداز میں مسئلہ کشمیر کو اٹھایا جائے گا۔کیونکہ اس ریجن کے حالات ایسے بن چکے ہیں کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو گا اس وقت تک اس ریجن میں امن قائم نہیں ہو سکے گا۔اس موقع پربیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور سردار یعقوب خان نے پاکستان اور آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔