راولپنڈی ایئرپورٹ سے اسلحہ سمیت گرفتار غیر ملکی امریکی فوج کا میجر نکلا

جمعہ 18 جولائی 2014 15:01

راولپنڈی ایئرپورٹ سے اسلحہ سمیت گرفتار غیر ملکی امریکی فوج کا میجر ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18جولائی 2014ء) ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے بے نظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے امریکی فوج کے میجر کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔ اے ایس ایف نے راولپنڈی ایئرپورٹ سے براستہ ابو ظہبی امریکا جانے والے غیر ملکی شخص کو حراست میں لیا جس کے سامان سے ایک 9 ایم ایم پستول اور 15 گولیاں برآمد ہوئیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص کی شناخت امریکی فوج کے میجر ولیم جونز کے نام سے ہوئی ہے۔ گرفتاری کے موقع پر اے ایس ایف اور پولیس حکام نے صحافیوں کو امریکی فوجی کی تصاویر لینے سے روک دیا ہے۔

امریکی فوجی کو تھانہ ایئر پورٹ منتقل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ اے ایس ایف حکام کا کہنا ہے کہ امریکی سفارت خانے کے ملازم کی جانب سے اسلحہ سمیت سفر کرنے کی کوشش کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ امریکی شہری گولیوں سے بھرے پستول کے ساتھ ایئرپورٹ کیوں آیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب امریکی سفارت خانہ اپنے فوجی کو رہا کروانے کے لئے متحرک ہو گیا ہے اور سفارت خانے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ولیم جونز کی گرفتاری کا علم ہے اور اس حوالے سے متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

واضح رہے کہ 2 ماہ قبل کراچی ایئر پورٹ سے بھی ایف بی آئی کے ایک ایجنٹ جوئیل کاکس کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا تھا لیکن امریکی حکومت کے دباؤ پر معمولی کارروائی کے بعد اسے رہا کر دیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :