تمام تراقدامات کے باوجود پنجاب تنہاپولیو کے مرض کا خاتمہ نہیں کرسکتا، خواجہ سلمان رفیق

جمعرات 24 جولائی 2014 16:35

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جولائی۔2014ء) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمہ کے لیے چاروں صوبائی حکومتوں کی طرف مربوط کوششوں کی ضرورت ہے اور کوئی ایک صوبہ تنہا پولیو کے مرض پر قابو نہیں پاسکتا۔ انہوں نے یہ بات لاہور کی مخصوص 23یونین کونسلوں میں ایک روزہ انسداد پولیو مہم کے سلسلہ میں موج دریا روڈ پرانی انار کلی کے علاقے میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر ستان ،فاٹا ، خیبرپختونخواہ ، سانگھڑ اور کراچی ، سندھ سے پولیو کے کیس مسلسل رپورٹ ہورہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اب تک رواں سال 99کیس رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق اگست اور ستمبر پولیو ہائی ٹرانسمیشن کا موسم ہے جس کے دوران پولیو وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آسکتی ہے۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیرستان، فاٹا اور خیبرپختوانخواہ کے دیگر علاقوں میں دہشت گردوں کی وجہ سے لاکھوں بچے پولیو ویکسین سے محروم رہ گئے اور اب وہاں سے نقل مکانی کرکے آنے والے خاندانوں کے بچے پولیو وائرس کے کیرئیرہوسکتے ہیں لہٰذا آئی ڈی پیز کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا انتہائی ضروری ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عید الفطر کے موقع پر لاکھوں لوگوں کی ایک جگہ سے دوسری جگہ آمد و رفت سے بھی پولیو وائرس کے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہونے کے امکان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر اقدامات کے باوجود پنجاب اکیلا پولیو کو شکست نہیں دے سکتا اس مقصد کے لیے دیگر صوبائی حکومتوں کو بھی سنجیدہ کوششیں کرنا ہوں گی۔

انہوں نے لاہور میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے بتایا کہ لاہور کے آؤٹ فال ڈرین کے سیوریج واٹر کا سیمپل پولیو کے حوالے سے گزشتہ 3ماہ سے مسلسل پازیٹو آرہا ہے جس کی وجہ سے راوی ٹاؤن، واہگہ ٹاؤن اور گلبرگ ٹاؤن کی 23مخصوص یونین کونسلوں میں وقفہ وقفہ سے پولیو مہم چلائی جارہی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محکمہ صحت سپیشل برانچ کے تعاون سے پنجاب آنے والے آئی ڈی پیز کے علاوہ مختلف پشتون آبادیوں میں اپنے رشتہ داروں کے یہاں مقیم خاندانوں کے بچوں کو بھی پولیو کے قطرے پلانے کی ہر ممکن کوششیں کررہاہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کوئی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہ جائے ۔ خواجہ سلمان رفیق نے بتایاکہ ایک روزہ مہم کے دوران ایک لاکھ 60ہزار بچوں کو قطرے پلانے کے لیے12سو سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب اور محکمہ صحت پولیو کے خاتمہ کے لیے اپنی بھرپورکوششیں جاری رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :