بھارت میں ہزاروں عورتوں کی عمریں ’سو سال سے زائد نکلیں

منگل 5 اگست 2014 13:43

بھارت میں ہزاروں عورتوں کی عمریں ’سو سال سے زائد نکلیں

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5اگست۔2014ء) ایک بھارتی ایجنسی نے ایسی معلومات افشا کی ہیں جس کے مطابق بھارت کی ایک ریاست میں ہزاروں ایسی بوڑھی عورتوں کو سرکاری مراعات دی گئی ہیں جن کی عمریں سو سال سے زیادہ ہیں۔ ان ہزاروں بوڑھی عورتوں میں سے ایک کی عمر 532 سال ظاہر کی گئی ہے۔ٹائمز آف انڈیا میں چھپنے والی ایک رپورٹ کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ کے لیبر ڈیپارٹمنٹ نے تسلیم کیا ہے کہ اس کے پاس ہزاروں ایسی عورتیں کی رجسٹریشن ہوئی ہے جس کی عمریں سو سال سے زیادہ ہیں۔

لیبر ڈیپارٹمنٹ کے پاس ان عورتوں کے پتے نہیں ہیں۔ریاست چھتیس گڑھ میں عمر رسیدہ افراد کی فہرست میں 6189 ایسی عورتوں کے نام ہیں جس کی عمریں 114 برس درج کی گئی ہیں۔اس فہرست کے مطابق چھ عورتیں ایسی بھی ہیں جن کی عمریں 202 سال ہے، تین نے 212 سال اور دو نے 282 سال درج کروائی ہے۔

(جاری ہے)

ایک عورت نے اپنی عمر 532 سال بتائی ہے۔اخبار نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ فہرست شاید بوڑھی عورتوں کے لیے حکومتی مراعات کو ہڑپ کرنے کی کوشش ہے۔

ریاست چھتیس گڑھ عمر رسیدہ افراد کو مراعات کی مد میں چالیس کروڑ روپے دے چکی ہے۔یہ معلومات انسانی حقوق کے ایک کارکن سنجیو اگروال نے رائٹ ٹو انفارمیشن کے تحت درخواست کے ذریعے حاصل کی ہے۔سنجیو اگروال کو ملنے والی معلومات کے مطابق 212 سالہ عمر کی عورت کو مفت سائیکل فراہم کی گئی ہیں۔ریاست چھتیس گڑھ کی ڈپٹی لیبر کمشنر سویتا مشرا نے کہا ہے کہ غلط معلومات ایک کمپیوٹر پروگرام کی خرابی کا نتیجہ ہیں اور اس سلسلے معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے انکوائری ہو رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ جو بھی قصور وار پایا گیا اسے معاف نہیں کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :