ماضی میں پاکستان ہاکی میں بیک وقت ہر عالمی اعزاز کا مالک تھا‘محمد عادل صدیقی

منگل 5 اگست 2014 19:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5اگست۔2014ء) اولمپیئنز حنیف خان‘حسن سردار‘اصلاح الدین‘اختر رسول‘سمیع اللہ‘شہباز شیخ‘شہباز سینئر اور افتخار سید کا نام ہاکی کی تاریخ میں کسی تعارف کا محتاج نہیں یہ ہاکی کے وہ لیجنڈ کھلاڑی ہیں جنہوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم بلند کیا۔اس بات کا اظہار وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے کھیل محمد عادل صدیقی نے اپنے آفس میں اولمپیئن افتخار سید سے ملاقات کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی کی ایک دور میں اس قدر عروج پر تھی کہ ہاکی کا ہر عالمی اعزاز بیک وقت پاکستان کے پاس تھا لیکن پھر پاکستان ہاکی پر ایسا زوال آیا کہ پہلی بار ہم ورلڈ کپ کھیلنے کے بھی اہل نہ رہے۔

صوبائی مشیر برائے کھیل عادل صدیقی نے افتخار سید کو تلقین کی کہ ہاکی کے فروغ اور بہتری کے لئے اپنا کردار ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں ہمارا مکمل تعاون آپ کے ساتھ ہے۔

(جاری ہے)

اولمپیئن افتخار سید نے صوبائی مشیر برائے کھیل سے ملاقات کے دوران کہا کہ وہ اپنی ہاکی اکیڈمی میں گراس روٹ لیول پر کوالیفائڈ کوچز کے ذریعہ بچوں کو ہاکی کی تربیت فراہم کررہے ہیں تاکہ یہ بچے آگے چل کر پاکستان ہاکی کا کھویا ہوا مقام واپس لاسکیں۔

افتخار سید نے صوبائی مشیر برائے کھیل کو بتایا کہ ہماری اکیڈمی میں ہاکی کے علاوہ فٹسال‘باسکٹ بال‘ٹیبل ٹینس‘ بیڈمنٹن‘ جمناسٹک‘اسکیٹنگ اور تائی کوانڈو جیسے کھیلوں کو بھی بچوں میں مقبول بنانے کے لئے کوچنگ کلاسسز دی جارہی ہیں‘اولمپیئن افتخار سید نے صوبائی مشیر سے درخواست بھی کی کہ ان کی اکیڈمی میں12اگست کو ہونے والے اسپورٹس فیسٹیول میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت فرماکر بچوں کی حوصلہ افزائی فرمائیں۔

متعلقہ عنوان :